گورنر سندھ کی بھابھی کی درخواست پر تاحال مقدمہ درج نہ ہو سکا

September 30, 2015 10:45 pm0 commentsViews: 24

معاملہ دھمکی کا نہیں پیسوں کے واجبات کی وصولی کا ہے، فریقین کا موقف لینے کے بعد فیصلہ ہوگا، پولیس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بھائی کی اہلیہ کی جانب سے پولیس کو جمع کرائی گئی درخواست پر پولیس نے تا حال مقدمہ درج نہیں کیا پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ دھمکی کا نہیں پیسوں کے بقایات جات کی وصولی کا ہے اور دونوں پارٹیوں کا موقف سننے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائیگا کہ اس کا مقدمہ درج کیا جائے یا نہیں‘ اس سلسلے میں ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا ہے کہ عشرت العباد کے بھائی کی اہلیہ کی سولر انرجی کمپنی کے دیگر شراکت دار رضا اور شاہد نامی شخص ہیں اور جب مستعفی رکن سندھ اسمبلی رئوف صدیقی سائٹ ایریا کے ترقیاتی کام کروارہے تھے تو کچھ پراجیکٹس پر اسٹریٹ لائٹس اور دیگر چیزوں کا ٹھیکہ انکو دیا گیا تھا تاہم ان کا دعویٰ ہے کہ ان کے بقایات جات ادا نہیں کئے گئے تاہم دھمکی کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔

عامر العباد اور ان کی اہلیہ شہلا سے
کبھی کوئی رابطہ نہیں رہا، رئوف صدیقی
کراچی( نیوز ڈیسک) سابق صوبائی وزیر عبدالرئوف صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں عامر العباد اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر شہلا عامر کے بیہودہ الزامات کی نہ صرف تردید کرتا ہوں بلکہ انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عامر العباد اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر شہلا عامر سے مدتوں سے میری ملاقات ہے نہ ہی کوئی ٹیلی فونک رابطہ، خصوصاً ڈاکٹر شہلا عامر سے کبھی بھی میرا کوئی رابطہ نہیں رہا۔

Tags: