کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت41 ڈگری تک پہنچ گیا

October 1, 2015 3:29 pm0 commentsViews: 27

دن بھر لو چلتی رہی، معروف شاہراہیں اور بازار ویرانی کا منظر پیش کرنے لگے، جمعہ تک گرمی کی شدت جاری رہے گی
موجودہ لو کا سبب بحیرہ عرب میں اٹھنے والا ہوا کا کم دبائو ہے، ہفتہ سے زور ٹوٹ جائے گا، محکمہ موسمیات
کراچی( نیوز ڈیسک) گرمی کی تازہ لہر نے ایک مرتبہ پھر کراچی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ بدھ کو شہر کا درجہ حرارت 40.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ دن بھر لو کے تھپیڑے چلتے رہے جس کے باعث دوپہر کے وقت مصروف شاہراہیں اور بازار ویران نظر آئے۔ لوگ گھروں میں بند ہوگئے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت جمعہ تک برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کراچی مرکز کے ترجمان عبدالرشید کا کہنا کہ کراچی میں گرمی کی موجودہ لہر کا سبب بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دبائو اور ہوا کے رخ میں ہونے والی تبدیلیاں ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ زیادہ طوالت اختیار نہیں کر سکے گا اور ہفتے کے روز سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہونا شروع ہوجائے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو بھی کراچی کے شہریوں کو گرم اور خشک موسم کا سامنا کرنا پڑے گا اس لئے ضروری ہے کہ شہری دوپہر کے وقت غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اور جو لوگ ضروری کاموں سے باہر نکلیں انہیں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں تا کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رہ سکیں۔

Tags: