نیو یارک میں ایم کیو ایم کا اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

October 1, 2015 3:32 pm0 commentsViews: 26

دستخط شدہ پیٹیشن بھی جمع کروائی گئی اور امریکہ میںمتحدہ کے سینٹرل آرگنائزر سمیت سینکڑوں کارکنوں کی شرکت
بابر غوری اور محمد انور کی لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات، کراچی آپریشن پر تحفظات کا اظہار
نیو یارک( یو پی پی) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے کراچی میں مہاجر قوم اور ایم کیو ایم کے کارکنان کے ساتھ رینجرز کی نا انصافیوں کے خلاف اقوام متحدہ کے سامنے بڑا عوامی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں ایم کیو ایم امریکا کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہیمی، ارشد حسین، اراکین سینٹرل کمیٹی، میڈیا سیل کے انچارج، عمران حسین، سمیت سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں کی شرکت نے اقوام متحدہ کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جبکہ لوکل اور انٹر نیشنل میڈیا کے نمائندگان کی بڑی تعداد اس احتجاج کو ریکارڈ کرنے کیلئے موجود تھی۔ مظاہرے کے شرکاء کی جانب سے دستخط شدہ پٹیشن بھی اقوام متحدہ میں جمع کروائی گئی جس میں کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور الطاف حسین کی تقاریر پر پابندی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا، دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر غوری اور محمد انور نے سید ابن عباس سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران برطانیہ اور پاکستان سے متعلق مختلف معاملات اور کراچی میں آپریشن سے متعلق اپنے تحفظات پر بھی گفتگو کی۔