واٹر بورڈ کے 188 ملازمین طویل غیر حاضری پر برطرف

October 1, 2015 3:39 pm0 commentsViews: 44

برطرف ہونے والے گریڈ 1 سے 17 کے ملازمین رخصت ختم ہونے کے باوجود غیر حاضر تھے‘ نوٹسز کا بھی کوئی جواب نہیں دیا
ایم ڈی واٹر بورڈ کی وزیر بلدیات کی ہدایت پر کارروائی‘ برطرف ملازمین میں انجینئرز‘ کلرکس اور دیگر شامل
کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ ناصر حسین شاہ کی ہدایت اور منظوری سے ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے گھوسٹ ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے گریڈ 1 سے گریڈ 17 تک کے مختلف کیڈرز کے 188 ملازمین کو طویل عرصہ سے ڈیوٹی سے غیر حاضری کی بنیاد پر ملازمت سے بر طرف کر دیا ہے ، یہ افسران و ملازمین طویل رخصت پر تھے اور رخصت ختم ہونے کے بعدبھی بغیر اطلاع اپنی ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر تھے ، ان ملازمین کو واٹر بورڈ کے محکمہ ہیومن ریسورسز و ایڈمن نے ڈیوٹی پر حاضری اور اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کئے، ان کی جانب سے جواب نہ ملنے پر ان تمام افسران و ملازمین کو شوکاز کے طور پر ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 26 جولائی 2015 ء کو مختلف اخبارات میں حتمی نوٹس شائع کرایا گیا جس میں انہیں7 دن کے اندر جواب داخل کرنے یا ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی مہلت دی گئی تھی تا ہم ان ملازمین نے نہ تو نوٹسز کا جواب دیا اور نہ ہی ڈیوٹی پر حاضر ہوئے جس کی بنیاد پر تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ نے چیئرمین واٹر بورڈ کی منظوری سے ان تمام ملازمین کو فوری طور پر برخاست کر دیاہے، جن ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے ان میں سب انجینئر 8 ، اسسٹنٹ انجینئر10، کمپیوٹر آپریٹر 4، فورمین 2 ، سپروائزر 4، جونیئر کلرک11، لیب اٹینڈنٹ1 ، سیکوریٹی آرم گارڈ 4 ، والومین 4 ،فٹر 4 ، ڈرائیور 1، مکینیک 1، بیلدار 18،چوکیدار 8، نائب قاصد 11، ہیلپر21، ڈیٹااسسٹنٹ 1، مالی1 ، ورک سپروائزر2، سب انسپکٹر 2 ، مشین آپریٹر 1 ، مشین اٹینڈنٹ، ہیلتھ ورکر 39 ، قلی 11 ، ٹریسر 1 ، سوئپر5 ، لائن گارڈ13 ، الیکٹریشن 3 ، کلینر1 ، سب انسپکٹر2 شامل ہیں، واٹر بورڈ کے محکمہ ہیومن ریسورسز و ایڈمن نے ملازمت سے برطرفی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور انکی تنخواہیں بند کر دی گئی ہیں۔

Tags: