ایم کیو ایم کے گرفتار ٹارگٹ کلرکی نشاندہی پر بھاری اسلحہ برآمد – دیگر جرائم و واقعات میں مزید گرفتاریاں

October 1, 2015 3:51 pm0 commentsViews: 31

منگھوپیرسلطان آباد سے کالعدم تنظیم کے 2کارندے زخمی حالت میں گرفتار،اسلحہ برآمد
پولیس کو چکمہ دینے والی خاتون منشیات فروش ساتھی کے ہمراہ پکڑی گئی، دیگر مقامات سے5ملزمان گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر)سرجانی ٹائون میں ایم کیو ایم کے ٹارگٹ کلر ریحان عرف بہاری کی نشاندہی پر بھاری اسلحہ برآمد جبکہ رینجرز اورپولیس کے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے ،ٹارگٹڈآپریشن اور مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے دو زخمی سمیت9ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر پولیس نے سلطان آباد اے این پی چوک کے قریب مقابلے کے بعد زخمی حالت میں دو ملزمان بشیرخان اور محمد عثمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمدکرلئے ،زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ۔ جوہر آباد پولیس نے فیڈرل بی ایریا میں دو ملزمان بادام بی بی اور گل خان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی ، پولیس کے مطابق ملزمان منشیات کی اسمگلنگ کرتے تھے اور خاتون کے ساتھ ہونے کی بنا پر یہ پولیس کو چکمہ دے جاتے تھے۔عزیز بھٹی پولیس نے قتل میں ملوث ملزم لطیف جوکھیو کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے آلہ قتل برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم نے گلشن اقبال بلاک 13-Aمیں اپنے کزن رحیم داد کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا تھا۔عوامی کالونی میں پولیس نے فارن ایکٹ کے تحت موسیٰ جان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، فر ئیر پولیس نے مقا بلے کے بعد دو ملزمان با بر عرف چنگاری اور عامر شیخ کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ بر آمد کر لیا ۔ جبکہ ملزمان کا یک اور ساتھی فرار ہو گیا ۔شاہ فیصل پولیس نے ناتھا خان پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ملزم سہیل عرف سہیلا کو گرفتار کراسکے قبضے سے اسلحہ اور 32ٹوکن ہیروئن کے برآمد کرلیے ۔حساس ادارے کے اہلکاروں نے سرجانی ٹائون سے گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے گرفتار ٹارگٹ کلرریحان عرف بہاری کی نشاندہی پرسرجانی ٹائون میں کارروائی کی گئی،کارروائی کے دوران لائٹ مشین گن 5کلاشنکوف، 4 سیون ایم ایم رائفل، نائن ایم ایم پستول، 2ہزار گولیاں بھی شامل ہیں۔ برآمد اسلحہ زمینوں پر قبضے کے دوران مزاحمت کئے جانے پر استعمال کیا جاتا تھا۔

102 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ‘ دستی بم
ہیروئن ‘شراب برآمد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 102ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 24گھنٹوں کے دوران کارروائیاں کرتے ہوئے 82چھاپہ مار کارروائیاںاور پولیس مقابلوں کے بعد102ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا، گرفتار افرادمیں سے3 ملزمان کو دہشتگردی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ،قتل کی واردات میں ملوث ایک ملزم ،اغوا برائے توان کی واردات میں ملوث ایک ملزم ،اسلحہ ایکٹ کے تحت 16،17منشیات فروش،جبکہ تین مفرورملزمان شامل ہیں ،ملزموں کے قبضے سے17پستول،3دستی بم،4805گرام چرس ،ہیروئن اور شراب کی 2بوتلیں برآمد کی گئی۔

بلوچستان سے آنیوالی کوچ سے
9 کلو ہیروئن برآمد‘2 ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)کسٹم کے عملے نے بلوچستان سے آنے والی کوچ سے اعلیٰ کوالٹی کی 9کلو گرام ہیروئن بر آمدکرلی۔تفصیلات کے مطابق کسٹم پریونیٹو اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر بلوچستان سے آنے والی مسافر کوچ کی تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے اعلیٰ کوالٹی کی9کلو گرام ہیروئن برآمدکرکے دوملزمان کو گرفتار کر کے منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔کسٹم ذرائع کے مطابق بر آمد ہونے والی منشیات کی مالیت لاکھوں روپے ہے،اور پکڑے جانے والے ملزمان سے اس سلسلے میں مزیدتفتیش جاری ہے۔

ڈیفنس میں2ڈاکو اور لیاری سے
گینگ وار کا کارندہ گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)ڈیفنس پولیس نے ڈیفنس سن سیٹ بلو وارڈ روڈ پر مقابلے کے بعد دو ملزمان شہزاد اور علی اکبر کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور تین مسروقہ موبائل فونز برآمد کرلیے،دونوں ملزمان اسٹریٹ کرمنل بتائے جاتے ہیں۔چاکیواڑہ پولیس نے علاقے میں مقابلے کے بعد گینگ وار کارندے سجاد بلوچ ولد خان محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا،ملزم پولیس کو درجنوں جرائم کی وارداتوں میں مطلوب بتایا جاتا ہے۔

 

Tags: