ملیر میں دہشت گردوں نے ٹریفک پولیس اہلکار کو قتل کر دیا ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

October 1, 2015 3:53 pm0 commentsViews: 22

مقتول ماڈل کالونی ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا، دہشت گردوں نے ڈیوٹی کے دوران نشانہ بنایا
ملزمان ٹریفک کے رش کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد لینے کی کوشش کی جائیگی
کراچی(کرائم رپورٹر)سعودآباد کے علاقے ملیر کالا بورڈ نزد سنہری مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم دہشتگردوں نے ٹریفک پولیس کے اے ایس آئی38سالہ ذوالفقارکورائی ولد اللہ بخش کورائی کے سر پر ایک گولی مار کر فرارہوگئے ،اس اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونے والے ذوالفقارکورائی کو جناح اسپتال منتقل کررہے تھے کہ راستے میں دم توڑ گیا ،ایس ایچ او گنہور مہر نے بتایاکہ مقتول اے ایس آئی ذوالفقار ماڈل کالونی ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا اور واقعہ کے وقت ڈیوٹی پر مامور تھا کہ دہشتگردوں نے سر پر گولیاں ماردی ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بلٹ پروف جیکٹ پہنا ہوا تھا لیکن ملزمان نے قریب آکر سر پر گولی برسائی،ٹریفک پولیس کے ہیڈمحررسونو خان نے بتایاکہ واقعہ کے وقت مزید چار پولیس اہلکار مسلح تھے اور مقتول کے پاس بھی پستول تھی لیکن ٹریفک کا رش اتنا تھا کہ ملزمان معلوم نہیں کہا سے آئے اور سر پر گولی مارکر مارفرار ہوگئے ،انھوں نے بتایاکہ قریب ہی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے شبہ ہے کہ ملزمان کی فوٹیج محفوظ ہوگی،سونوخانے نے بتایاکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ،پولیس کے مطابق مقتول ذوالفقار تین بچوں کا باپ تھا ،بھینس کالونی کے قریب یوسف مارفانی گوٹھ کا رہائشی تھا اور آبائی تعلق نواب شاہ سے تھا ۔تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، واضح رہے کہ امسال شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 69ہوگئی۔

لیاری ‘ رینجرز مقابلے میں ہلاک چاروں
دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی
کراچی (کرائم رپورٹر)منگل اور بدھ کی درمیانی شب لیاری میں رینجرز سے مقابلے میں ہلاک ہونے والے چار دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان رینجرز سندھ نے گینگ وار کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کلاکوٹ تھانے کی حدود میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا ،رینجرز اہلکاروں سے مقابلے کے دوران گینگ وار کے چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی شناخت 24 سالہ دانش عرف کیکڑا ولد عبدالمجید ، 24 سالہ ارشد ولد محمود عرف گنڈیری ، 27سالہ محمد موسی ولد عمر خطاب اور 26 سالہ محمد کامران عرف نوید ولد ولی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا وہ لیاری نیا آباد کے رہائشی تھے ، ہلاک ہونے والے اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری ، اقدام قتل سمیت مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے ۔

محمود آباد اور کورنگی میں
فائرنگ سے3 افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر)محمودآبادکے علاقے محمود آباد گیٹ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سلمان ولد حق نواز زخمی ہوا ۔کورنگی صنعتی ایریا میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 11سالہ محمد احد ولد شمس عالم زخمی ہوگیا ۔

اورنگی میں گھر سے لڑکی کی لاش ملی
کراچی (کرائم رپورٹر)اورنگی ٹائون میں گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی جس کے سر پرگولی ماری گئی‘تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر گیارہ محمدی کالونی میں رہائش پذیر 22 پروین دختر اشرف علی کی گھر کے کمرے سے لاش ملی جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا ،اس اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس کے مطابق اہلخانہ نے بیان دیا ہے کہ پروین نے گھریلو جھگڑے کے دوران والد کی لائسنس یافتہ پستول سے سر میں گولی مار کر خودکشی کی ہے ، پولیس کے مطابق متوفیہ کے ورثاء بغیر کسی کارروائی کے لاش اپنے ہمراہ لے گئے ،تاہم پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔

موٹر سائیکل سلپ ہونے
سے نوجوان جاں بحق
کراچی(کرائم رپورٹر)شاہراہ نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آؓباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب تیز رفتارموٹر سائیکل سوار 25سالہ یاسر ولد محمد عامر موٹرسائیکل سلپ ہونے کے باعث گر پڑا جس کو شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں دم توڑ گیا ،ایس ایچ او غلام اصغر عباسی نے بتایاکہ ابتدائی اطلاع فائرنگ سے ہلاکت کی ملی تھی جب پولیس اسپتال پہنچی تو معلوم ہوا کہ ٹریفک حادثہ تھا ،تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ۔

لیاری، مقابلے میں بابا لاڈلہ گروپ کے2 کارندے مارے گئے
پولیس نے جھٹ پٹ مارکیٹ میں مسلح کارکنوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا، ملزم نے مزاحمت شروع کر دی
ملزمان نے فائرنگ کی اور دستی بم سے حملہ کیا جس سے راہگیر بچہ زخمی ہو گیا، مقابلے میں دو ملزمان مارے گئے
ایک ملزم لیاری کا رہائشی ہے دوسرے کی شناخت نہیں ہو سکی، پولیس نے اسلحہ اور موٹر سائیکل تحویل میں لے لی
کراچی(کرائم رپورٹر)لیاری ڈویژن پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے دوکارندوںکو ہلاک کردیا ،چند کارندے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ،دستی بم حملے میں ایک راہگیر زخمی ہوا ۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لیاری ڈویژن پولیس کی بھاری نفری نے کلاکوٹ کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ میں لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا ،اس دوران پولیس نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ کارندوںکاگھیرا تنگ ہوا تو انھوں نے ایس پی لیاری آفتاب نظامی کی موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کردی ،جس پر پولیس نے فوری طور پر مورچہ بند ہوکر جوابی فائرنگ شروع کردی ،ایس ایچ او کلاکوٹ ایاز خان نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو کارندے شدید زخمی ہوگئے ،جبکہ انکے چند کارندوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو پولیس انکا تعاقب کرتے ہوئے چاکیواڑہ کے علاقے سنگھولین والے روڈ پر پہنچ گئی جہاں ملزمان نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا اورفرارہونے میں کامیاب ہوگئے ،جبکہ دستی بم حملے میں راہگیر 8 سالہ ریحان ولد امتیاز زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے دو ملزمان سول اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئے،جس میں ایک کی شناخت نسیم ولد وسیم بلوچ کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے کارندے کی شناخت نہیں ہوسکی ،ہلاک ہونے والا نسیم بلوچ لیاری شاہ بیگ لین کا رہائشی تھا ۔پولیس نے ہلاک ہونے والے کارندوں کے قبضے سے دو نائن ایم ایم پستول اور ایک موٹر سائیکل اپنی تحویل میں لے لی ۔

لیاری گینگ وار کے ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے خودکشی کر لی
پرانا گولیمار میں رینجرز نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم ایک شہری کے گھر میں گھس گیا تھا، لاش باتھ روم سے برآمد
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ملزم کے خود کو گولی مارنے کی بات ثابت ہوئی، لاش کی شناخت نہ ہو سکی
کراچی( کرائم رپورٹر) پرانا گولیمار میں رینجرز کارروائی کے دوران مبینہ طور پر ایک ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے شہری کے گھر میں گھس کر خودکشی کرلی‘ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے پریا ولیج ڈبل پی ایم ٹی والی گلی سے26 سالہ نامعلوم بلوچ نوجوان کی گولی لگی لاش ملی‘ اس سلسلے میں ایس ایچ او عرفان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان رینجر ز سندھ نے گینگ وار کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پاک کالونی کے علاقے پریا ولیج میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا‘ رینجرز نے علاقے کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرنے کے بعد علاقے میں پیش قدمی شروع کی تو دہشت گرد اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے‘ ایک ملزم کا تعاقب کیا گیا تو وہ الٰہی بخش نامی شخص کے گھر میں گھس گیا جس پر رینجرز نے گھر کا محاصرہ کیا تو ملزم نے خود کو گھر کے باتھ روم کے اندر گولی مار کر خودکشی کرلی۔ ایس ایچ او کہنا ہے کہ پولیس نے موقع سے ایک 30بور پستول اور 5زندہ رائونڈ اپنی تحویل میں لے لئے انہوں نے کہا کہ ملزم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ملزم نے خود کو گولی ماری ہے‘ ملزم کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی‘ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے سر میں گولی مار کر خودکشی کرلی یا پھر اس کے ساتھیوں نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے‘ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش شناخت کیلئے ایدھی سرد خانے رکھوادی ہے۔

 

Tags: