نکاح پر نکاح کیسں میرا کے دوسرے شوہر کیپٹن نوید کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

October 2, 2015 12:32 pm0 commentsViews: 28

اگلی سماعت تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا
تاخیر سے پہنچنے پر عدالت برہم اداکارہ میرا کی سرزنش
مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے انصاف فراہم کیا جائے میرا کی عدالت سے اپیل
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن) اداکارہ میرا کے نکاح پرنکاح کیس میں عدالت نے میرا کے دوسرے شوہر کیپٹن نوید کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے اور اگلی سماعت تک تھانہ ڈیفنس کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے کمرہ عدالت میں تاخیر سے پہنچنے پر میرا کی سر زنش کی جس پر اداکارہ کے وکیل نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر کیسز میں مصروفیات کے باعث تاخیر ہوئی۔ عدالت کے روبرو میرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عتیق الرحمن ایک فراڈ یہ شخص ہے جس پر عدالت نے وکیل کو الزام تراشی سے گریز کرنے کا کہا اور کارروائی سمیٹتے ہوئے سماعت31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ لاہور کی کینٹ کچہری میں مجسٹریٹ کی عدالت میں دوران سماعت اداکارہ میرا کاکہنا تھا کہ اس نے عتیق الرحمن سے نکاح نہیں کیا۔ مقدمہ جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔ انصاف فراہم کیا جائے۔ عدالت نے مدعی عتیق کو پیش نہ ہونے پر ایک موقع دیتے ہوئے نکاح کے گواہان کو آئندہ سماعت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں میرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمہ جھوٹا ہونیکا بڑا ثبوت یہ ہے کہ آج مدعی اور ان کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ اس موقع پر میرا کا کہنا تھا کہ عدالت جب بھی طلب کریگی۔ ضرور حاضر ہونگی۔ عدالتوں کا احترام اور ارض پاک سے محبت کرتی ہوں۔

Tags: