بلدیاتی الیکشن نئے صوبے کی طرف پہلا قدم ہوسکتے ہیں‘ ایم کیو ایم

October 2, 2015 12:32 pm0 commentsViews: 22

اسٹیبلشمنٹ اور حکمران گٹھ جوڑ کرکے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہے ہیں‘ وسیم اختر
کراچی سمیت سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے‘ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن میں بھر پور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے جائز حقوق کو اسی طرح پامال کیا جاتا ہے۔ تو ایسا نہ ہو کہ بلدیاتی الیکشن سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی جدوجہد کی جانب پہلا قدم ثابت ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اراکین کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز 90 سے متصل لال قلعہ گرائونڈ عزیز آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم بھر پور حصہ لے گی اور ماضی کی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کریگی۔ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کو جمہوریت کی نرسری سمجھتی ہے۔ وسیم اختر نے کہا کہ بد قسمتی سے گزشتہ 7 برسوں سے برسر اقتدار جماعتوں نے عوام کو ان کے اس بنیادی حق سے محروم رکھا ہوا تھا ہمیں انتخابات سے دور رکھنے کی سازشیں آج بھی جاری ہیں اور اسٹیبلشمنٹ اور حکمران گٹھ جوڑ کے ذریعے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف سازشوں کا جال بچھا کر ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے اندرون سندھ سے دونوں مرحلوں کیلئے امیدواروں نے بڑی تعداد میں اپنی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے ہیں۔

Tags: