پولیس کی کارروائی میں طالبان کے 2سہولت کار گرفتار ۔ دیگر جرائم و واقعات میں مزید گرفتاریاں

October 2, 2015 12:53 pm0 commentsViews: 23

ملزمان کے قبضے سے افغانستان سمیت متعدد نیٹ ورکس کی سمز برآمد،مزید تفتیش شروع
کراچی(کرائم رپورٹر)سی ٹی ڈی پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دو سہولت کاروں کو گرفتار کرکے مختلف نیٹ ورک کی متعدد موبائل فون کی سمیں برآمد کرلی ۔تفصیلات کے مطابق کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ IIکی ٹیم نے موسمیات کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان و افغانستا ن کے دو اہم سہولت کا ر محمد ظریف اور عبدالغفور کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے افغانستان کی 25عدد سمیں اور مختلف نیٹ ورک کی لوکل سمیں برآمد کرلیں ۔ ایس ایس پی جنید شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان Exchangeکی مدد سے مختلف ممالک کا ٹیلی فون کالز کا ڈیٹا ٹریفک دیکھتے تھے ،ملزمان 2012سے مختلف علاقوں میں غیر قانونی ایکسچنج کا کام کررہے ہیں اور ، ملزمان گلشن اقبال، نیپا چورنگی اور مومن اسکوائر سے گرے ایکسچینج کے نام سے کام کررہے تھے اور تحریک طالبان پاکستان و افغانستان کے لیے فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔جنید شیخ کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں میں شاہ محمد جو کہ انچارج ہے ، علی جو کہ برطانیہ سے نیٹ ورک چلا رہا ہے،نائٹی افغانستان میں ہے اور یوجیش پٹیل کینیڈا سے نیٹ ورک چلارہا ہے انہوں نے کہا کہ ملزمان انتہائی شاطر اور اندرون و بیرون ملک بھتہ و دہشتگردی کی رقم منتقل اور غیر قانونی ایکس چینج کا گھنائونا نیٹ ورک چلارہے تھے ۔ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

افغان باشندے کا جعلی برتھ
سرٹیفکیٹ بنانے والا شخص گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) ایف آئی اے نے قائد آباد میں کارروائی کرکے سیکریٹری یونین کونسل فیاض امیر کو گرفتار کرلیا‘ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم فیاض امیر نے ایک افغان باشندے کو جعلی برتھ سرٹیفکیٹ بنا کر دیا تھا جس پر اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ٹڈاپ اسکینڈل، جعل سازی سے 5 کروڑ خرد برد کرنے والا تاجر گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی( ٹڈاپ) اسکینڈل میں کاغذی کمپنیوں کے نام پر5 کروڑ روپے سے زائد کی سبسڈی حاصل کرنے والے تاجر خالد شبیر کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے کرائم سرکل کراچی نے 2 سال قبل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں فریٹ سبسڈی کی مد میں تقریباً7 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا سراغ لگایا تھا۔

بلدیہ ٹائون میں پولیس
مقابلہ‘2 ملزمان گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)بلدیہ ٹائون پولیس نے لاسی پاڑہ کے قریب مقابلے کے بعد 2ملزمان صفر اور عرفان کو گرفتار کر کے68ہزار نقد 2موبائل اور رپیٹر اور پستول برآمد کرلیا،پولیس نے بتایا کہ ملزمان انڈس سیکیورٹی کمپنی کے ملازم تھے اور گزشتہ ماہ انہوں نے بلدیہ7میں قائم مائیکرو فائنانس بینک میں ڈکیتی کے دوران81ہزار نقد اور3موبائل فون لوٹے تھے ۔کھارادر پولیس نے کھوڑی گارڈن سے مقابلے کے بعد ملزم عامر شاہ کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ موڑسائیکل برآمد کر لی۔

پولیس کے تابڑ توڑ چھاپے‘124 ملزمان
گرفتار‘ اسلحہ اور منشیات برآمد
کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں84چھاپہ مار کارروائیوں اور6مقابلوں کے بعد124ملز مان کو گرفتار کر لیا جبکہ6دہشتگرد مارے گئے ، گرفتارملزمان میں 2 دہشتگرد،1ڈکیت ،غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں16ملزمان ،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت 12ملزمان،8مفرور اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث 80ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے 32 پستول ,1 ہینڈ گرنیڈ اور بھاری مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کی کارروائیوں میں جعلی ڈاکٹروں سمیت23ملزمان گرفتار
آرام باغ کے علاقے سے مقابلے کے بعد ایک ملزم گرفتار،قبضے سے اسلحہ وموٹرسائیکل برآمد
سائٹ سپرہائی وے پولیس نے قتل کے ملزم کو پکڑ لیا، ایسٹ زون میں جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈائون
کراچی( کرائم رپورٹر)اینٹی کارلفٹنگ پولیس نے آرام باغ کے علاقے پاکستان چوک پر مقابلے کے بعد ایک ملزم آصف بلال کو گرفتار کر کے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ،پولیس نے بتایا کہ ملزمان بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کا کارندہ ہے ۔نیپئر پولیس نے سید محمود شاہ بخاری روڈ رحمانیہ چوک کے قریب مقابلے کے بعد ایک ملزم عبدالباسط کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ناظم آباد پولیس نے ایک ملزم زاہد حسین کو گرفتار کر کے منشیات برآمد کرلی ۔سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ایک شخص کے قتل میں ملوث ملزمان بلال کو گرفتار کرلیا پولیس نے بتایا کہ ملزم نے 20روز قبل ایک نوجوان کو قتل کیا تھا ۔بلال کالونی پولیس نے اسنیب چیکنگ کے دوران ایک ملزم اقبال کو گرفتار کر کے پستول برآمد کرلی ۔ایسٹ زون پولیس نے عوام کی شکایت پورے زون میں موجود جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈان کرتے ہو ئے شہریوں کی نشاندہی پر14ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا ،جبکہ دوسری کارروائی میں ٹیپو سلطان سے 4جعلی ادویات فروخت کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ادویات ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوادیں ۔

حساس اداروں کی کارروائی، 24افراد
کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر سرجانی ٹاؤن میں چھاپہ مارا اور پولیس پر دستی بم حملوں میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کر لیا،گرفتار دہشت گرد کامران عرف منا ترنگ 24 افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم نے نیو کراچی میں پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملہ بھی کیا ، گرفتار ٹارگٹ کلر کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے،کامران عرف منا ترنگ کو ریحان بہاری کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

Tags: