بلدیہ عظمیٰ کا عید الاضحی آپریشن ناکام، مقامی مہم میں بدترین کارکردگی

October 2, 2015 12:55 pm0 commentsViews: 31

ضلع وسطی میں تاحال گندگی و غلاظت کے ڈھیر، ضلع شرقی میں بھی صفائی و ستھرائی کا برا حال
شہر میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے نہ ہونے کے باعث حشرات الارض کی بھرمار
کراچی( سٹی رپورٹر)وزیر بلدیات اور ایڈ منسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر شہر میں شروع کی گئی صفائی مہم شروع ہونے سے قبل ہی ختم ہوگئی،عیدالاضحی آپریشن بری طرح ناکام ہونے کے بعد صفائی ستھرائی میں بھی بدترین کارکردگی ‘تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایڈ منسٹریٹر کراچی کے احکامات پر شہر میں صفائی مہم شروع کئے جانے کا اعلان اعلان ہی رہ گیا، ضلع وسطی میں صفائی ستھرائی کا عمل شروع نہ ہوسکا،ڈسٹرکٹ کی اندرونی سڑکیں،پارکس،پلے گرائونڈز اور گرین بیلٹس گندگی وغلاظت کا ڈھیر بنے ہوئے ہیں،جگہ جگہ پھیلنے والے سخت تعفن سے شہریوں کو براحال ہوچکا ہے جبکہ وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہوگیا ہے، ضلع کورنگی کے علاقے گرین ٹائون،لانڈھی،کورنگی،شاہ فیصل سمیت دیگر علاقوں میں گندگی وغلا ظت کے ڈھیر جمع ہیں،سندھ حکومت کا محکمہ بلدیات ضلعی میونسپل کارپوریشنز کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہا ہے جبکہ دوسری طرف شہر میں عیدلاضحی کے بعد سے جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی نہیں کیا جاسکا جس سے حشرات الارض کی بھرمار ہوچکی ہے۔

Tags: