عمران شارٹ کٹ کے ذریعے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں نثار کھوڑو

October 2, 2015 1:18 pm0 commentsViews: 28

بلاول بھٹو پر تنقید کرنے کے بجائے عمران خان اپنی پارٹی کے اندرونی انتشار پر دھیان دیں اور اپنی پارٹی کو منظم کریں
پرویز مشرف کے ریفرنڈم کے حامی عمران خان کبھی عوامی لیڈر نہیں بن سکتے‘ صوبائی وزیر اطلاعات کی سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیراطلاعات نثاراحمدکھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست شارٹ کٹ پر مبنی ہے،عمران خان نے شار ٹ کٹ کے چکر میںآمر پرویز مشرف کی حمایت کی تھی اور اب شار ٹ کٹ کے ذریعے وزیر اعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں، صوبائی احتساب کمیشن کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جو کہ منظوری کے لئے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوسندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے شارٹ کٹ کی وجہ سے ان کی پارٹی پی ٹی آئی خود اندرونی انتشار کا شکار ہے اس لئے عمران خان بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے کے بجائے اپنی پارٹی کے اندرونی انتشار پر دھیان دیں ۔ انہوں نے کہا کہ آمر پرویز مشرف کے ریفرنڈم کے حامی عمران خان کبھی بھی عوامی لیڈر نہیں ہوسکتے وہ بلاول بھٹو زرداری کے بجائے آمر پرویز مشرف کو یاد کرکے تسکین لیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست حلوائی کی دکان نہیں اس لئے پہلے پیپلزپارٹی کی طرح ایک بھی قربانی دے کر دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ اداروں کی جانب سے سندھ کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس وجہ سے یہ ضروری سمجھا کہ صوبے میں صوبائی احتساب کا ادارہ موجود ہو اس لئے احتساب کمیشن بنانے کے لیے مسودہ تیار کرلیا ہے جس کومنظوری کے لیئے سندھ اسمبلی کے اجلا س میں پیش کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتوں کو بلدیاتی انتخابات سے قبل اپنا مستقبل نظر آرہا ہے ۔

Tags: