اقلیتی برادری سے کسی کو نا انصافی کی اجازت نہیں دینگے، بلاول بھٹو

October 2, 2015 1:22 pm0 commentsViews: 31

اقلیتوں کے حقوق کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں، برابر کی حیثیت دلانے کی ہر کوشش کرینگے
پی پی کے سینیٹر گیان چند اور رکن سندھ اسمبلی کھٹو مل جیون کی ملاقات، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں انجینئر گیان چند اور رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے جمعرات کو بلاول ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اور خصوصاً میرپورخاص ڈویژن کے تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور سانگھڑ اضلاع کی صورتحال پر بریفنگ دی، پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی پوزیشن خاص طور اقلیتی برادری اور اقلیت میں اکثریت رکھنے والی شیڈیولڈ کاسٹس برادریوں کی حمایت کے حوالے سے پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا،سینیٹر گیان چند اور رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر کھٹومل جیون نے پارٹی چیئرمین کا شکریہ ادا کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں اقلیت کی پسماندہ برادریوں کو اہم کردار دیا گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے رہنمائوں کو یقین دلایا کہ اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لیے وہ ہمیشہ ان کے ساتھ ہیں، سیاسی، معاشی اور سماجی طور پر اقلیتی برادریوں سے کسی بھی قسم کی ناانصافی کی اجازت نہیں دی جائے گی، بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں کے مسائل اور شکایات سنیں اور کہا کہ پسماندہ برادریوں کے تحفظ اور انہیں ملک کے برابر شہری کی حیثیت دلانے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔

Tags: