شہرمیں آج بھی موسم شدید گرم، مزید7افراد اسپتال پہنچ گئے

October 3, 2015 2:24 pm0 commentsViews: 20

برف اور ٹھنڈے مشروبات کی فروخت عروج پر،کل سے سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے سے پارہ 41ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ مختلف اسپتالوں میں شدید گرمی سے متاثرہ مزید7 افراد داخل کئے گئے۔ شہر بھر میں مشروبات کی فروخت بھی عروج پر پہنچ گئی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی موسم شدید اور گرم رہے گا تاہم کل سے سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر بر قرار ہے۔ جمعے کو درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جانے کے باعث کئی افراد کی طبیعت نڈھال ہوگئی جنہیں اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سینئر میڈیکل ہیلتھ ڈائریکٹر ڈاکٹر سلمیٰ کوثر کے مطابق جمعے کو مختلف اسپتالوں میں شدید گرمی سے متاثرہ7 افراد لائے گئے جنہیں طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ آج ملک کے بیشتر علاقوں میںموسم خشک رہے گا جبکہ کراچی کا درجہ حرارت شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم اتوار سے جنوبی مغربی سمت سے چلنے والی سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی۔ جس کے بعد موسمی صورتحال بھی معمول پر آجائے گی۔

Tags: