تاجر اتحاد نے 7اکتوبر سے اکائونٹس ختم کرنیکی دھمکی دیدی

October 3, 2015 2:46 pm0 commentsViews: 28

تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان، انکم ٹیکس گوشواروں کی تاریخ 30نومبر تک بڑھانے کا مطالبہ
تاجر برادری سڑکوں پر آئی تو ن لیگ چند دنوں میں حکومت سے باہر ہوگی، انصار بیگ قادری
کراچی( کامرس رپورٹر) کراچی تاجر اتحاد نے بینکوں سے لین دین پر عائد ٹیکس کے حوالے سے انجمن تاجران پاکستان کی7 اکتوبر سے تمام بینکوں سے کاروباری لین دین بند کرنے اور اپنے اکائونٹ بینکوں سے ختم کر دینے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تاجر برادری سڑکوںپر نکل آئی تو مسلم لیگ (ن) چند دنوں میں حکومت سے باہر ہوگی۔ یہ بات آل کراچی تاجر اتحاد کے صدر حاجی انصار بیگ قادری بے بوہرہ پیر شیشہ مارکیٹ میں عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہFBR کے حکام انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کیلئے آخری تاریخ 30 نومبر تک بڑھا دیں کیونکہ بہت سے ٹیکس ادا کرنے والے تاجر حج پر ہیں۔ ان کو بروقت ٹیکس گوشوارے داخل کرنا مشکل ہے۔ ٹیکس ادا کرنے کی تاریخ30 نومبر تک بڑھائی جائے ، اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے رہنما زبیر علی خان، سمیع اللہ خان، عبدالحئی خان، نذر عباس، اور دیگر تاجران بوہرہ پیر شیشہ مارکیٹ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ود ہولڈنگ ٹیکس کی تاجروں کی گردن پر لٹکی ہوئی تلوار کو فوری ختم کرے جبکہ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومتIMF کے ایجنڈے پر عمل کر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے تاجر برادری مختلف17 اقسام کے ٹیکس ادا کر رہی ہے۔ مزید کسی بھی قسم کا ٹیکس اب تاجر ادا نہیں کریں گے۔

Tags: