لیاری میں سیڑھی سے گر کر بچہ ہلاک نوجوان کی لاش ملی ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

October 3, 2015 3:55 pm0 commentsViews: 28

پرانا گولیمار ریکسر پل کے نیچے سے ملنے والی لاش کی شناخت نہیں ہوسکی‘ 10 سالہ بچہ سپردخاک کردیاگیا
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر قائد میں حادثات و دیگر واقعات میں بچے سمیت2افراد جاں بحق ہوگئے، تفصیلات کے مطابق کلا کوٹ کے علاقے لیاری تغلق لین میں گھر کی سیڑھی سے گر کر10 سالہ رضا محمد ولد غلام نبی شدید زخمی ہوگیا۔ جس کو سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش اہلخانہ کے حوالے کر دی۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار ریکسر پل کے نیچے لیاری ندی کے قریب سے30 سالہ نا معلوم شخص کی لاش ملی جسے پولیس نے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

قصبہ کالونی، شوہر نے بیوی کو پیٹ میں قینچی گھونپ کر قتل کر دیا
ملزم بچوں سمیت فرار، گھر سے تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی
کراچی(کرائم رپورٹر) قصبہ کالونی میں شوہر نے اہلیہ کو قینچی پیٹ میں گھونپ کر قتل کردیا اور دو بچوں سمیت موقع سے فرارہوگیا،لاش پانچ روز پرانی بتائی جاتی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں ایک مکان سے تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی،پولیس نے موقع پرپہنچ کر موقع کے معائنہ کے بعد لاش کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کی،ایس ایچ او ایاز بروہی کے مطابق 30 سالہ پشتون خاتون کی شناخت نہیں ہوسکی اور اسے اس کے شوہر نے پیٹ میں کپڑے کاٹنے والی قینچی گھونپ کر قتل کیا اور اپنے دو بچوں کے ہمراہ فرار ہوگیا،پولیس کے مطابق بکر ا عید سے ایک ہفتہ قبل مذکورہ مکان مقتولہ کے شوہر نے مکان مالک ذاکر سے کرائے پر حاصل کیا تھا،اس حوالے سے مکان مالک سے پوچھ کی جارہی ہے۔

سانگھر میں نوجوان نے دادا اور چچی کو قتل کرکے خودکشی کر لی
میں نے بدلہ لے لیا، نوجوان کی تحریر، ملزم نشے کا عادی تھا، ورثاء کا بیان
سانگھڑ( یو پی پی) سانگھڑ کے نظامانی محلے میں نوجوان نے اپنے دادا اور چچی کو قتل کرکے خودکشی کرلی‘ تفصیلات کے مطابق سانگھڑ کے نظامانی محلے میںگزشتہ رات 25 سالہ نوجوان عمران یوسف زئی نے اپنے دادا 90 سالہ رحمت اللہ یوسفزئی اور 35 سالہ چچی شازیہ بی بی کو قتل کردیا جبکہ ملزم نے اپنی ڈھائی سالہ بھانجی کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گئی‘ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو گلا گھونٹ کر یا نشہ آور دوا پلا کر قتل کیا گیا ہے‘ ملزم نے بعد ازاں بالائی منزل پر جا کر اپنے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی‘ گھر کی بالائی منزل پر ملزم کی لاش کے قریب دیوار پر چسپاں ایک تحریر بھی ملی ہے جس پر لکھا ہے کہ میں نے بدلہ لے لیا‘ ورثاء کا کہنا ہے کہ ملزم نشے کا عادی تھا اور اکثر کئی کئی روز کیلئے گھر سے غائب ہو کر مختلف مزاروں پر رہائش اختیار کرلیتا تھا‘ آخری مرتبہ بھی ملزم عید الاضحی کے تیسرے روز گھر واپس آیا تھا‘ واقعے کا المناک پہلو یہ ہے کہ بیس سال قبل عمران کے والدین میں طلاق ہونے کے باعث اسے دادا رحمت نے پالا تھا۔

 

Tags: