سول اسپتال میں چھاپہ اینٹی کرپشن نے دواؤں کی خریداری کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا

October 3, 2015 3:57 pm0 commentsViews: 18

ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹروں اور دواؤں کی خریداری میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کی شکایات پر کارروائی
ملازمین کے ریکارڈ سے متعلق بھی معلومات حاصل کی گئیں‘ دواؤں کی خریداری کا 5 سال کا ریکارڈ قبضے میں لیا ہے‘ ڈپٹی ڈائریکٹر
کراچی (کرائم رپورٹر)محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے سول اسپتال کراچی سمیت بیک وقت دیگر اسپتالوں میں ہائوس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف شکایت پرسول اسپتال کراچی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران دوائوںکی خریداری اور فروخت میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں کے انکشاف پر اینٹی کرپشن نے سول اسپتال سے ادویات کی خریداری کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی8رکنی ٹیم نے سول اسپتال میں بدعنوانیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ کی چھان بین کی۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے سول اسپتال میں گزشہ5برسوں کے دوران ادویات کی خریداری کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا اور فارمیسی میں رکھی ادویات کے سلسلے میں بھی انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اینٹی کرپشن کی کارروائی کے وقت اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سعید قریشی موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے اینٹی کرپشن کی ٹیم کی جانب سے اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبد القادر سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کارروائی کے دوران اسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک کو بند کر دیا گیا اور کسی کو بلڈنگ میں جانے اور باہر آنے کی اجازت نہ دی گئی۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے اسپتال میں ملازمین کے ریکارڈ کے حوالے سے بھی معلومات جمع کیں اور اہم دستاویزات جن میں ادویات خریداری کے لئے دئیے گئے ٹینڈرز بھی شامل تھے، قبضے میں لے لی گئیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر طارق حسین کا کہنا تھا کہ 5سال کا ریکارڈ قبضے میں لیا گیا ہے۔

Tags: