محرم کیلئے غیر معمولی سیکورٹی پلان تیار کیا جائے، آئی جی سندھ

October 3, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 26

حساس مقامات پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کیلئے تربیتی پروگرام کیے جائیں
چیک پوسٹوں، تھانوں کی مانیٹرنگ اور کمیونٹی پولیسنگ پالیسی کو یقینی بنایا جائے، غلام حیدر جمالی
کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر غیر معمولی سیکورٹی اقدامات پر مشتمل پلان فوری طور پر مرتب کیا جائے‘ حساس مقامات پر تعینات کئے جانیوالے افسران اور جوانوں کیلئے ٹریننگ پروگرامز کئے جائیں‘ چیف پوسٹوں تھانہ جات کی مانیٹرنگ کیلئے حکمت عملی وضع کی جائے‘ آئی جی سندھ کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس میں اصلاحات کے ذریعے تشکیل نو کے اقدامات کئے جائیں جس سے بلا شبہ گڈ گورننس کے تحت پولیس کے احتسابی عمل جیسے امور مزید بہتر ہوں گے اور پولیس فورس کی استعدادی صلاحیتوں میں بھی اضافہ یقینی ہوجائیگا‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام پولیس چیک پوسٹوں‘ تھانہ جات اور دیگر دفاتر کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لئے حکمت عملی وضع کی جائے اور پولیس افسران و جوانوں کی روزانہ کارکردگی پر مشتمل شیٹ مرتب کرنے کے اقدامات کئے جائیں‘ پولیس ڈپارٹمنٹ کی کمپیوٹرائزیشن سے متعلق جاری امور میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ پولیس کی مجموعی کارکردگی اور صلاحیتوں میں بہتری ممکن ہوسکے۔

Tags: