پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں گروپ کا سراغ لگالیا گیا ایڈیشنل آئی جی کا دعویٰ

October 3, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 22

جلد ہی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جائے گا‘ ٹارگٹ کلنگ‘ بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے
شہری موبائل فون کی چھینا جھپٹی کی اطلاع صرف سی پی ایل سی کو دیں‘انٹی کار لفٹنگ میں شعبہ انسداد اسٹریٹ کرائم قائم کردیا گیا‘ تقریب سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے دعویٰ کیا کہ پولیس کی کاوشوں سے شہر میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہو گئی ہے ،ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کی شرح میں نمایاں کمی ہو ئی ہے ۔ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروپ کا سراغ لگا لیا گیا ہے ۔ دہشت گردوں کو جلد گرفتار کرلیا جاسکا ۔اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے پولیس اپنی تمام ترصلاحتیں بروئے کار لائے گی ۔یہ بات انہوں نے کراچی پولیس آفس میں چوری سے چھینے گئے موبائل فون ،موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی شہریوں کے حوالے سے کئے جانے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہی،اس موقع پر ڈی آئی جی سی آئی اے عبداللہ شیخ ،ایس ایس پی اے سی ایل سی عرفان بہادر،ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان ،ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ سمیت دیگر اعلی پولیس افسران اور صدر الیکٹرونکس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما سلیم میمن ،عرفان خان اور سی پی ایل سی کے ڈپٹی چیف سمیت متاثرہ شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے 50مسروقہ موبائل فون 50موٹر سائیکل اور 25گاڑیاں ان کے اصل مالکان کے حوالے کیں ،ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر میں پولیس کی کاوشوں سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اغوا برائے تاوان کی وارداتیں اب صرف گنتی میں ہیں جبکہ اس وقت شہر میں اسٹریٹ کرائم کی شرح میں کافی اضافہ ہو ا ہے اور اس عفریت قابو کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں اور اسی حوالے سے اینٹی کارلفٹنگ سیل میں ہی ایک شعبہ انسداد اسٹریٹ کرائم بھی قائم کردیا گیا ہے جو کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کنٹرول اور مانیٹر کرے گا ایڈیشنل آئی جی نے شہریوں سے درخواست کی کہ موبائل فون کی چھینا جھپٹی کی اطلاع صرف سی پی ایل سی کو دیں ہمارا سیل تمام معلومات کا خود تبادلہ کر لے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروپ کا سراغ لگا لیا ہے اور جلد ہی دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔

Tags: