گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف کارروائی پر چشتی نگر کے متاثرین کا سوک سینٹر پر احتجاج

October 3, 2015 4:01 pm0 commentsViews: 66

ڈی سی ایسٹ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے سے ٹریفک جام، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں
ہماری زمینوں کا کیس عدالت میں چل رہا ہے، متاثرین، عدالتی احکامات پر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، انتظامیہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر چشتی نگر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کیخلاف متاثر افراد نے ڈی سی ایسٹ کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی‘ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر چشتی نگر کے رہائشیوں نے سوک سینٹر کے قریب ڈی سی ایسٹ کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا‘ مظاہرین کی تعداد 100 سے زائد تھی جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے‘ مظاہرین نے جمعرات کو گلستان جوہر میں تجاوزات کیخلاف کارروائی کیخلاف احتجاج کیا اور کہا کہ ہم نے پلاٹس کے تمام چالان جمع کرائے تھے اور تمام درکار چیزیں پوری کی تھیں اس کے باوجود ہمارے گھر مسمار کردیئے گئے‘ مظاہرے کے باعث سوک سینٹر‘ حسن اسکوائر اور اطراف کے علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیاجس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں‘ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی‘ ڈی ایس پی ناصر لودھی کے مطابق مظاہرین کے ساتھ ان کی سوسائٹی کی ایسوسی ایشن کے ارکان بھی شامل تھے اور لگبھگ 7 افراد کے وفدکو لے کر ڈی ایس پی ایسٹ کے آفس میں گئے جہاں انہوں نے کہا کہ ہماری زمینوں کا کیس عدالت میں چل رہا تھا جس پر انتظامیہ نے کہا کہ آپ کے پلاٹ عدالت کے حکم پر گرائے گئے ہیں اور لوگوں کو جو وضاحتیں دینی تھیں تو وہ عدالت میں دیتے یا پھر اس فیصلے پر ری ویو کی اپیل کرتے جس پر مظاہرین کو منتشر کیا گیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرادیا گیا۔

Tags: