پالپا سے تنازع PIA کی پروازیں منسوخ نجی ایئر لائن کے کرایوں میں اضافہ

October 3, 2015 4:01 pm0 commentsViews: 24

قومی ایئر لائن کو 2 دنوں میں 20 کروڑ روپے کا نقصان اور 5 ہزار مسافر متاثر ہوئے‘ تنازع شدت اختیار کرگیا
حج آپریشن میں تاخیر ہوئی تو ذمہ دار پالپا ہوگی‘ ترجمان پی آئی اے‘ ہمارا احتجاج پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف ہے‘ پالپا
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز اور پالپا کے درمیان تنازع حل نہیں ہوسکا جس کے باعث پی آئی اے نے اپنی تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں‘ جس کا فائدہ نجی ایئر لائنز نے اٹھاتے ہوئے کرایوں میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے‘ تفصیلات کے مطابق نجی ایئر لائنز کی جانب سے اندرون ملک کرایوں میں100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے‘ پی آئی اے اور پالپا کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا ہے‘ 2 دنوں میں قومی ایئر لائن کی38 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں‘ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو27 اور گزشتہ روز11 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایوی ایشن قوانین کی خلاف پی آئی اے کے2پائلٹس کے لائسنس منسوخ کردیئے ہیں جس کے خلاف پالپا نے رد عمل کااظہار کرتے ہوئے پی آئی اے آپریشن روک دیا‘ پی آئی اے کے مطابق 2 دنوں میں ایئر لائن کو 20 کروڑ کا نقصان ہوا جبکہ 5 ہزار مسافر متاثر ہوئے‘ پی آئی اے نے پالپا کا احتجاج مسترد کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ اگر حج آپریشن میں تاخیر اور زخمی حجاج کو تکلیف ہوئی تو ذمہ دار پالپا ہوگی‘ پی آئی اے انتظامیہ نے پائلٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ ملکی مفاد میں ڈیوٹی پر واپس آجائیں۔ دوسری جانب پالپا نے پی آئی اے کا موقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا احتجاج پی آئی اے انتظامیہ کیخلاف ہے جو پالپا کے ساتھ تحریری معاہدے پر عمل نہیں کررہی تاہم فلائٹ کریو کی جانب سے حج پروازیں تاخیر کا شکار نہیں ہوئی ہیں۔

Tags: