الطاف حسین5 اکتوبر کو لندن پولیس اسٹیشن میں پیش ہونگے

October 3, 2015 4:02 pm0 commentsViews: 26

متحدہ کے قائد کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی توسیع یا فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا
الطاف حسین کو2014 میں پولیس اسٹیشن میں9 گھنٹے تک تفتیش کیلئے حراست میں رکھا گیا تھا
لندن( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین 5 اکتوبر کو لندن پولیس اسٹیشن میں پیش ہوں گے جہاں ان کی ضمانت میں توسیع یا فرد جرم عائد کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی مدت5 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق الطاف حسین 5 اکتوبر کو میری لیبون پولیس اسٹیشن میں پیش ہوں گے۔ جہاں ان کی ضمانت میں توسیع کرنے یا فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو3 جون2014ء کو برطانوی پولیس کی جانب سے منی لانڈرنگ کے الزامات میں تحویل میں لیا تھا اور لگ بھگ 9 گھنٹے تفتیش کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ جون2014ء کے بعد سے اب تک ان کی ضمانت میں تین بار توسیع کی جا چکی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ہمراہ منی لانڈرنگ کیس میں ملوث طارق میر کو6 اکتوبر اور محمد انور کو7 اکتوبر کو پولیس اسٹیشن میں پیش ہونا ہے۔

Tags: