پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے کراچی آپریشن ضروری تھا، امریکا

October 6, 2015 4:15 pm0 commentsViews: 26

کراچی میں حالات بہتر ہورہے ہیں اور شہر میں خوف و ہراس کی فضاء ختم ہوگئی ہے، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف مزید سخت اقدامات کرنا ہونگے
امریکا پاکستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے جاری قومی لائحہ عمل ،شمالی وزیرستان اور کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے،جوناتھن کارپینٹر
پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیںجو دونوں ممالک کی سیکورٹی کے لیے خطرہ ہیں، حکومت کے اقدامات سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی ہے،امریکی نمائندے کی خصوصی بات چیت
واشنگٹن ( نیٹ نیوز/ مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے ضروری تھا،۔ کراچی میں حالات بہتر ہو رہے ہیں شہر میں خوف و ہراس کی فضاء ختم ہوگئی ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنا ہوں گے۔ آپریشن کی وجہ سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے اورمعیشت بھی بہتر ہو رہی ہے امریکہ کراچی اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان میں جاری نیشنل ایکشن پلان کی بھر پور حمایت کرتے ہیں اور اس کیلئے جہاں مدد اور تعاون درکار ہوا مہیا کیا جائے گا۔ امریکا کے معاونین خصوصی برائے پاکستان اور افغانستان جونا تھن کارپینٹر نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سول ملٹری اور انٹیلی جنس کی طرف سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہایت اہم اقدام ہے۔ شمالی وزیرستان اور کراچی آپریشن کے لئے ضروری تھا۔ اور یہ اقدام پاکستانی عوام اور معیشت کیلئے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی پالیسیاں اور پاکستان کی مصالحتی کوششیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ابتداء ہیں، دونوں حکومتوں کی جانب سے یہ تسلیم کر لینا کہ سرحد کے دونوں طرف شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں جو دونوں ملکوں کی سیکورٹی کیلئے خطرہ ہیں اور اس کے تدارک کیلئے دونوں کا باہمی تعاون کا فیصلہ بہترین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعد پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور پاک امریکا تعلقات میں بھی توسیع ہو رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق امریکا کے نائب نمائندہ خصوصی جونا تھن کار پینٹر کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں انسداد دہشت گردی کے جاری قومی لائحہ عمل اور شمالی وزیرستان اور کراچی میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات سے پاکستانی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکاکے نائب نمائندہ خصوصی جو نا تھن کارپینٹر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے اور دونوں ملک تعلقات میں مزید بہترین کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں جبکہ ہم نے پاکستان کے ساتھ بتدریج مثبت، مفید اور دوستانہ تعلقات قائم کئے ہیں۔

Tags: