انتخابی مہم میں وفاقی وزراء کی شرکت کیخلاف الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ جانیکا اعلان

October 6, 2015 4:54 pm0 commentsViews: 26

انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں ، تمام ادارے تعاون کریں، سیکریٹری الیکشن کمیشن
آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس بلدیاتی انتخابات میں غیر جانبدار رہے گی
انتخابات کے موقع پر فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات کی جائے گی، بابر یعقوب
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں شرکت کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں۔ تمام ادارے تعاون کریں۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں زائد بیلٹ پیپر ایک فیصد سے زیادہ نہیں چھاپے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس بلدیاتی انتخابات میں غیر جانبدار رہے گی۔ پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے، میڈیا کوریج سے نہیں روکاجائے پنجاب میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کے زیر صدارت ہوا جس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب اور آئی جی پنجاب سمیت اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ وفاقی وزراء کی الیکشن مہم میں شرکت پر بھی عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹنگ کا کام فوج کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے شفاف انتخابات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات ہوگی۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد، اوکاڑہ اور گجرات میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ بڑے سائن بورڈ لگانے والوں کو آج طلب کریں گے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن پاکستان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر ہوگی۔ سول اور عسکری اداروں کے تعاون سے شفاف انتخابات کو یقینی بنائیں گے۔ الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہے اور رہے گا۔

Tags: