بلدیاتی الیکشن میں ووٹ دوگے تو بجلی ملے گی وفاقی حکومت نے سندھ کے لوگوں کو پیغام دیدیا

October 6, 2015 4:57 pm0 commentsViews: 19

وفاقی حکومت ٹھٹھہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں واپڈا کو استعمال کررہی ہے گائوں کے گائوں بجلی سے محروم کئے جارہے ہیں‘ نثار کھوڑو
کسان پیکیج کی طرح واپڈا کی زیادتیوں کا بھی نوٹس لیا جائے‘سندھ کی کئی حلقہ بندیوں کو عدالت میں چیلنج کیا جائیگا‘ صوبائی وزیر
کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنان کو بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو سر خرو کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں وفاقی حکومت ٹھٹھہ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں واپڈا کو استعمال کر رہی ہے اور عوام کی جانب سے بل ادا کرنے کے باوجود گائوں کے گائوں بجلی سے محروم کئے جا رہے ہیں۔ اور عوام پر دبائو ڈالا جا رہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ووٹ دیں تو بجلی فراہم کی جائے گی۔ مگر مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں وہ ووٹ واپڈا کی زیادتیوں کی وجہ سے ملیں گے اور نہ ہی واپڈا کو استعمال کرکے ووٹ لے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے جیسے وزیر اعظم کسان پیکج کو انتخابات پر اثر انداز ہونے کی وجہ سے مسترد کیا اس طرح سندھ میں بھی واپڈا کی زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو کی صدرت میں ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع کے پارٹی رہنمائوں کے اجلاس کے بعد پی پی پی میڈیا سیل سندھ میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آنے اور کاغذات نامزدگی بھرے جانے کے دوران عدالت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیاں کرانے کا کا فیصلہ انتخابات میں رکاوٹ ہے اس لئے عدالت کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور امید ہے کہ سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات ضائع نہیں ہونے دیگی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین بھلے الزام عائد کرتے رہیں پیپلز پارٹی عوام کے ووٹوں سے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔ انہوں نے کہ عمر کوٹ میں ایک ایم این اے نند لال مالی کی جانب سے آر او آفس میں غنڈہ گردی کرکے توڑ پھوڑ کی گئی جس کا آر او کی جانب سے مقدمہ بھی دائر کیا گیا ہے مگر تاحال نند لال مالی کو نا اہل قرار نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ایم پی اے کی امیدوار وحیدہ شاہ کو صرف بد تمیزی کرنے پر نا اہل قرار دیا گیا تھا تو ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نند لال مالی کو بھی نا اہل قرار دیاجائے۔ ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ آمر جنرل پرویز مشرف شہید بینظیر بھٹو قتل کیس سے الگ نہیں ہو سکتے۔

Tags: