عالمی بینک کوئلے سے سستی بجلی بنانے میں تعاون کرے، وزیراعلیٰ سندھ

October 6, 2015 4:56 pm0 commentsViews: 23

ہمارے کوئلے کے ذخائر دنیا کے بڑے ذخائر میں شامل ہیں جن سے صدیوں تک بجلی پیدا کی جا سکتی ہے، قائم علی شاہ
کنٹری ڈائریکٹر سے نوجوانوں کے بیرون ممالک روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بھی تعاون مانگ لیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے عالمی بینک پر زور دیا ہے کہ وہ کم قیمت پر بجلی کی پیداوار کے معاملے میں سندھ حکومت سے تعاون کریں۔ ہمارے کوئلے کے ذخائر دنیا کے بڑے ذخائر میں سے ہیں جن کے زریعے ہم صدیوں تک اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں اور صوبے میں کوئلے کی بنیاد پر ماحول دوست بجلی کی پیداوار میں ہم عالمی بینک کا تعاون چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیر اعلیٰ ہائوس میں ورلڈ بینک کے نئے کنٹرل ڈائریکٹر الینگو پیچ موتھو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ملاقات میں وزیر اعلیٰ نے عالمی بینک کو سندھ میں صوبے میں کوئلے کے ذریعہ پاور جنریشن کے منصوبوں میں مالی تعاون کرنے پر زور دیا۔جس پر عالمی بینک کے نمائندے نے کہا کہ ورلڈ بینک نے ماحولیاتی مسائل سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی فنڈنگ بند کرد ی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر سے کہا کہ وہ پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے بیرونی ملک روزگار کے مواقع حاصل کرنے کے معاملے پر سندھ حکومت سے تعاون کریں جس سے نہ صرف بیروزگاری میں بے پناہ کمی ہوگی بلکہ نوجوانوں کو اپنا مستقبل سنوارنے کا بھی موقع ملے گا۔

Tags: