کور کمانڈر کراچی کی گورنر سندھ سے ملاقات

October 6, 2015 4:58 pm0 commentsViews: 17

صوبے اور کراچی میں قیام امن کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار سیکورٹی پر تبادلہ خیال
پاک فوج کی بے مثال قربانیوں نے ملکی یکجہتی، اتحاد اور امن وامان کو دوام بخشا، ڈاکٹر عشرت العباد
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے پیر کی شام گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے اور شہر میں قیام امن اور سیکورٹی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاک فوج، رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی بے مثال قربانیوں نے ملکی یکجہتی، اتحاد اور امن و امان کو دوام بخشا، آج پاکستان محفوظ اور امن پسند ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے اس ضمن میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ملاقات میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

Tags: