مذاکرات پھرناکام پالپا کے مطالبات مسترد‘40 کروڑ روپے کانقصان

October 6, 2015 5:00 pm0 commentsViews: 17

ہمارے لئے قومی مفادات پہلی ترجیح ہیں‘ پالپا کے مطالبات پی آئی اے کی انتظامیہ کی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہیں‘ ترجمان سول ایوی ایشن
پالپا نے مطالبات کے متعلق کمیٹی بنانے کی پیشکش مسترد کردی‘ حج پروازیں جاری رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے‘ اعلامیہ جاری
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن( پالپا)کے درمیان مذاکرات پھر ناکام ہوگئے‘ پانچ روز میں70 پروازیں منسوخ ‘چالیس کروڑ روپے کا نقصان‘ سول ایوی ایشن کے ترجمان شیر علی خان نے کہا ہے کہ پالپا کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پی آئی اے انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور بے نتیجہ ختم ہوا جس میں پی آئی اے نے پالپا کے تینوں مطالبات مسترد کردیئے‘ بعد ازاں ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہمارے لئے قومی مفادات پہلی ترجیح ہیں۔ پالپا کے مطالبات پی آئی اے مینجمنٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔ پی آئی اے ان مطالبات کو تسلیم نہیں کرسکتی‘ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سینئر جوائنٹ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن نے پالپا کو فوری طور پرپروازیں بحال کرنے کی ہدایت کی ہے‘ پروازوں کی بحالی سے پہلے کوئی شرائط نہیں ہونی چاہئیں۔ پی آئی اے انتظامیہ پالپا نمائندوں کے ساتھ بیٹھنے اور ان کے جائز مطالبات سننے کو تیار ہے‘ اس سلسلے میں پالپا کو 10 افراد پر مشتمل کمیٹی بنانے کی پیشکش کی گئی ‘جس میں پی آئی اے کے4 پائلٹس ‘ پالپا کے 4 نمائندے اور پی آئی اے مینجمنٹ کے2 افراد شامل ہوں‘ لیکن پالپا کے صدر نے پیشکش مسترد کردی اور تین مطالبات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا‘ ترجمان نے کہا کہ پالپا کے غیر لچک دار رویے کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے‘ اس عمل سے قومی ایئر لائن کو مالی نقصان بھی ہورہا ہے‘ پی آئی اے حج پرواز یں جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی‘ ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے انتظامیہ پالپا کے دبائو میں نہ آنے والے پائلٹوں کی بڑی تعدادنے تعریف کی ہے۔

وزیراعظم کی پالپا سے دوبارہ مذاکرات
کی ہدایت ‘آج اہم اعلان متوقع
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے پالپا مطالبات کا نوٹس لے کر دوبارہ مذاکرات کرنے کی ہدایت کردی‘ پالپا سے متعلق آج بروز منگل کو اہم اعلان ہوگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر شجاعت عظیم نے نواز شریف کو پالپا کے مطالبات پیش کرکے مسئلے کی سنگینی سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم آج منگل کو پالپا کے مطالبات کے حوالے سے اہم وزراء کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

سی سی پی نے نجی ایئر لائنوں کے
من مانے کرایوں کا نوٹس لے لیا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) مسابقتی کمیشن نے نجی ایئر لائنز کی جانب سے کرایوں میں اضافے کیخلاف کارروائی شروع کردی‘ پی آئی اے کی تنظیم پالپا کی جانب سے ہڑتال کے باعث نجی ایئر لائنوں نے من مانے کرایے لینا شروع کردیئے‘ جس کا سی سی پی نے فوری نوٹس لے کر تحقیقات شروع کردی‘ سی سی پی کے مطابق اگر نجی ایئر لائنزکے کرایوں میں ناجائز اضافہ کے ثبوت ملے تو مذکورہ نجی ایئر لائن کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

Tags: