کراچی میں لینڈ مافیا کیخلاف نیب اور ایف آئی اے ملکر کارروائی کرینگے

October 6, 2015 5:03 pm0 commentsViews: 27

گھنائونے کاروبار میں ملوث عناصر کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے‘ دھوکہ دہی‘ جعل سازی کے ذریعے کسی شہری کو جائیداد سے محروم نہیں کیا جاسکتا‘ چوہدری نثار
کراچی کے شہری ملک عرفان کی جائیداد پر جعل سازی کے ذریعے قبضہ کرنے کے واقعہ کا وزیر داخلہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ نیب سے مل کر کراچی پر قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جائے اور گھنائونے کاروبار میں ملوث عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے‘ یہ بیان انہوں نے کراچی میں جعل سازی کے ذریعے جائیدادہتھیانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کیا‘ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق میڈیا کے ذریعے انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی میں جعل سازی سے ایک شہری ملک عرفان کی جائیداد ہتھیالی گئی جس کا وزیر داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا حکم دیاتھا‘ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو نیب سے مل کر مشترکہ تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھونس‘ دھاندلی جعل سازی‘ دھوکہ دہی اور غیر قانونی طور پر کسی شہری کو اسکی جائیداد سے محروم نہیں کیا جاسکتا‘ اس ملک میں یہ سلسلہ اب جاری نہیں رہ سکتا۔

Tags: