طالبان نے افغان صوبے قاریاب پر بھی دھاوا بول دیا

October 6, 2015 5:04 pm0 commentsViews: 29

شدید جھڑپوں میں 23افراد ہلاک اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں
قندوز شہر کی گلیوں میں بڑی تعداد میں لاشیں پڑی ہیں، الجزیرہ ٹی وی
کابل( مانیٹرنگ ڈیسک) طالبان نے افغان نائب صدر رشید دوستم کے آبائی صوبے فاریاب پر بھی دھاوا بول دیا اور اس کے دارالحکومت میمنا کا محاصرہ کرلیا‘ شدید جھڑپوں میں23 طالبان کی ہلاکتیں اور 100 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں‘ قندوز میں7 ہزار سے زائد افغان سیکورٹی اہلکار امریکی مدد کے باوجود طالبان سے شہر کا قبضہ چھڑانے میں ناکام ہوگئے‘ الجزیرہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ قندوز شہر کی گلیوں میں بڑی تعداد میں لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فوجی گاڑیوں‘ جیپوں اور موٹر سائیکل پر سوار ہزاروں سے زائد مسلح طالبان جنگجوئوں نے علی الصبح5بجے کے قریب شمالی افغانستان کے اہم اور نائب صدر جنرل رشید دوستم کے آبائی صوبے فاریاب پر قبضے کیلئے دھاوا بول دیا اور اس کے دارالحکومت میمنا پر چاروں طرف سے حملہ کرکے اس کا محاصرہ کرلیا۔ آخری اطلاعات تک افغان فوج‘ پولیس اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں جاری تھیں‘ افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری فورسز نے طالبان کا حملہ پسپا کردیا ہے۔

Tags: