واجبات کی عدم ادائیگی بلدیہ عظمیٰ نے مختلف اداروں سے وصولیوں کا منصوبہ بنالیا

October 6, 2015 5:09 pm0 commentsViews: 21

کے الیکٹرک پر واجب الادا 2 کروڑ 59 لاکھ روپے کے ایم سی پر کے الیکٹرک کے واجبات سے منہا کرکے ایڈجسٹ کئے جائیں گے
پی ٹی سی ایل اور دیگر اداروں سے وصولی کیلئے عدالت جانے کا فیصلہ‘ پی ڈی اورنگی کو کارروائی کی ہدایت دیدی گئی
کراچی(سٹی رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی سجاد حسین عباسی کی ہدایت پر ریکوریز میں اضافے کے لئے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی کے تعاون سے کے الیکٹرک ، پی ٹی سی ایل ، پولیس ڈپارٹمنٹ، ڈی ایم سی ویسٹ، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، ویٹرینری و دیگر اداروں سے واجبات کی وصولی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کے الیکٹرک پر واجب ا لادا 2 کروڑ 59لاکھ روپے KMCپر کے الیکٹرک کے واجبات سے منہا کرکے ایڈجسٹ کئے جائیں گے جبکہ پی ٹی سی ایل اور دیگر اداروں سے وصولی کے لئے عدالت میں جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پی ڈی اورنگی کو فی الفور کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اورنگی دس نمبر پر شاپنگ پلازہ، 25بس اسٹاپ مع شاپس و پبلک ٹوائلٹ، سلاٹر ہائوس کی تعمیر پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت کی جائے گی جس کے لئے ای اینڈ آئی پی اور پی ڈی اورنگی ٹائون مل کر تجاویز مرتب کریں گے اس حوالے سے میٹروپولیٹن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی جبکہ اورنگی ٹائون کی تین مرکزی شاہراہوں کو کمرشل کرنے کے لئے بھی پروپوزل تیار کئے گئے ہیں جس سے ریکوری میں اضافہ ہوگا اس حوالے سے پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹائون محمد رضوان خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ریکوری بڑھانے کے لئے تیز رفتاری سے حدف حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ کے الیکٹرک کو دو مزید گرڈ اسٹیشن کی آکیوپینسی ویلیو کے چالان بھی جاری کر دئیے گئے ہیں عوامی شکایات اور اختیارات کے نا جائز استعمال پر انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر محمد کاشف ولد صابر کو جنہیں 23اگست کو معطل کردیا گیا تھا۔ عہدے سے فارغ کرنے کے علاوہ بلدیہ کورنگی انکے اصل ڈپارٹمنٹ بھیج دیا گیا ہے اور انکے خلاف ای اینڈ ڈی رولز کے تحت کارروائی کی جارہی ہے جبکہ غلط کاموں اور شکایات پر ان کے خلاف کارروائی کے لئے متعلقہ اداروں کو لکھ دیا گیا ہے۔محتسب اعلی نے بھی انکے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی ۔

Tags: