شہر میں قوم پرست جماعت کے کارکن سمیت 3 افراد قتل‘ 3 زخمی ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

October 6, 2015 5:10 pm0 commentsViews: 20

ابراہیم حیدری کے علاقے چشمہ گوٹھ میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے جئے سندھ قومی محاذ کے کارکن کو ہلاک کردیا
سرجانی ٹائون میں 26 سالہ نوجوان قتل‘ میمن گوٹھ سے لاش برآمد‘ پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سرد خانے منتقل کردی
کراچی( کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوںمیں فائرنگ و پر تشدد واقعات میں قوم پرست کارکن سمیت 3 افراد ہلاک‘3 افراد زخمی ہوگئے۔ابراہیم حیدری کے علاقے چشمہ گوٹھ نزد قبرستان کے قریب نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ،فائرنگ کے نتیجے میں 35 سالہ نواب علی سولنگی ولد امید علی سولنگی شدید زخمی ہوا ،اس اطلاع پرپولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو اسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا ،ایس ایچ او غلام شیخ کے مطابق مقتول نواب سولنگی گھر جارہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا ،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول جئے سندھ قومی محاذ کا کارکن اور زمینوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا ،اس کا ایک پلاٹ الیاس گوٹھ میں ہے جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس پر تنازعہ چل رہا تھا ،پولیس کے مطابق مقتول شرافی گوٹھ کا رہائشی اور آبائی تعلق سکھر سے بتایاجاتاہے ،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ،سرجانی ٹائون کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی اور یارو گوٹھ کی درمیانی سڑک پر واقعہ جھاڑیوں کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 26 سالہ اسحاق ولد مشتاق روشن جاں بحق ہوگیا، ،علاقہ پولیس ذرائع کے مطابق عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ مقتول اور دو ملزمان ایک موٹرسائیکل پر ساتھ تھے اور دو ملزمان نے اسحاق کو وہاں کھڑا کرکے گولیاں مار ی اور فرار ہوگئے،پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ دوملزمان مقتول کو نامعلوم مقام سے اغواء کر کے لائے اور مذکورہ مقام پر اسے گولیاں مار کر قتل کیا،سرجانی ٹائون کے علاقے یارو گوٹھ میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر 24 سالہ دانش ولد نورالدین کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ میمن گوٹھ کے علاقے سومارکنڈی گوٹھ کی جھاڑیوں قریب 30سے35سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی ۔پولیس کے مطابق شکل وصورت سے بلوچ معلوم ہوتا ہے ،تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی ۔

فش ہاربر کی فیکٹری میں زہریلی گیس سے6 خواتین بے ہوش
مچھلی دھونے کے دوران پائپ کی لیکجز سے ایمونیا گیس کے اخراج سے کمرے میں پھیل گئی
متاثرہ6 میں4 خواتین کی حالت تشویشناک، فیکٹری کا منیجر گرفتار
کراچی( اسٹاف رپورٹر) فش ہاربر میں نجی فیکٹری میں مچھلی دھونے کے دوران گیس کے اخراج سے6 خواتین بے ہوش ہوگئیں ۔ خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔ نجی فیکٹری کے اسٹور روم میں امونیا گیس کا اخراج ہونے سے پیکنگ کا کام کرنے والی6 محنت کش خواتین بے ہوش ہوگئیں۔ جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو خواتین کو فوری طور پر طبی امداد دینے کے بعد فارٖغ کر دیا گیا جبکہ چار خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔ فیکٹری ملازمین کا کہنا ہے کہ پائپ لیک ہونے سے گیس کمرے میں پھیل گئی جس سے خواتین بے ہوش ہوگئیں۔ پولیس نے فیکٹری کے منیجر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔

سپر ہائی وے احسن آباد میں پولیس مقابلہ، ڈاکو مارا گیا
فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان اپنے ساتھی کو زخمی حالت میں رکشے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے، جو بعد میں چل بسا
ملزمان بنگالی موڑ پر راہ گیروں سے لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس موبائل موقع پر پہنچ گئی
کراچی (کرائم رپورٹر)سپرہائی وے احسن آباد میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اسکے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی احسن آباد چوکی پولیس کے انچارج معراج انور نے بتایا کہ بنگالی موڑ کے قریب ملزمان راہگیر امین سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران پولیس موبائل پہنچی اور پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا، چوکی انچارج معراج انور کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ملزم زخمی ہوگیا جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وہاں سے فرار ہوگیا بعد ازاں اطلاع ملی کہ عباسی اسپتال میں کچھ لوگ رکشے میں ایک زخمی کو چھوڑ کر گئے ہیں جو علاج سے قبل ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کا نام قاسم کورائی معلوم ہوا جو سرجانی ٹائون روٹ نمبرW-25کے آخری کے اسٹاپ کے قریب کا رہائشی بتایاجاتا ہے ،تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی ۔

آج صبح، نیو کراچی میں حادثہ، موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والا ڈمپر نذرآتش
نیو کراچی فور کے چورنگی پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار دی، باپ اسپتال میں دم توڑ گیا، بیٹی شدید زخمی
مشتعل افراد نے حادثے کے ذمہ دار ڈمپر کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، پولیس نے فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شرو ع کر دی
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے نیو کراچی 4K چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص ہلاک‘ خاتون زخمی‘ مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگادی‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح نیو کراچی کے علاقے 4K چورنگی پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل پر سوار باپ بیٹی کو ٹکر مار کر زخمی کردیا‘ دونوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا دوران علاج باپ دم توڑ گیا‘ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر پر پیٹرول چھڑ ک کر آگ لگادی‘ پولیس نے بتایا کہ دونوں آپس میں باپ بیٹی ہیں جن کی شناخت ریش اور مریم کے نام سے ہوئی ہے اور مذکورہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ پولیس کا کہناہے کہ ڈمپر کی آگ کو فائر بریگیڈ کے ذریعے بجھادیا گیا‘ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے‘ جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Tags: