تیسرا ون ڈے‘ پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے ہرادیا گرین شرٹ نے سیریز 1 کے مقابلے میں 2 سے جیت لی

October 6, 2015 5:18 pm0 commentsViews: 25

زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے 161 رنز بنائے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا
بلال آصف نے 25 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں‘ اظہر علی کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے
ہرارے( اسپورٹس ڈیسک) اسپنرز نے ایک بار پھر میزبان زمبابوے کو اپنے جال میں پھانس کر تیسرے اور آخری ایک روزہ انٹر نیشنل میچ میں7 وکٹوں سے کامیابی دلادی‘ گرین شرٹس نے تین میچز کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے ان فٹ کپتان اظہر علی کی جگہ ٹیم کی قیادت کی‘ اپنا دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل میچ کھیلنے والے آف اسپنر بلال آصف نے 25 رنز کے عوض 5 زمبابوین بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میزبان ٹیم کو 38.5 اوورز میں161 رنز پر محدود کردیا۔ پاکستان نے162 رنزکا ہدف 34 ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا‘ شعیب ملک 34اور اسد شفیق 38 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے‘ سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے ہاتھوں دوسرے ون ڈے میں متناز ع انداز میں ہار گئی تھی‘ سیریز میں کامیابی کے ساتھ پاکستان ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ آٹھویں نمبر پر آگئی ہے‘ زمبابوے کے ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے میچ میں زمبابوے نے قومی ٹیم کو جیت کیلئے162 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قومی ٹیم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ہدف34 اوورز حاصل کرلیا۔

Tags: