آج صبح سولجر بازار میں پولیس مقابلہ‘ ڈاکو ہلاک ۔ دیگر جرائم و حادثات میں مزید ہلاک و زخمی

October 7, 2015 4:16 pm0 commentsViews: 25

موٹر سائیکل سوار ڈاکو لیاری ایکسپریس وے کے قریب لوٹ مار کررہے تھے فائرنگ کے تبادلے میں ایک مارا گیاجس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر پولیس مقابلہ‘ ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا فرار‘ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح سولجر بازار کے علاقے گارڈن لیاری ایکسپریس وے پر موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اسنیپ چیکنگ پر موجود موبائل موقع پر پہنچگئی‘ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی‘ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا‘ پولیس نے کارروائی کیلئے لاش کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں ملزم کی شناخت سرور ولد شاہجہاں کے نام سے ہوئی ہے‘ ایس ایچ او سولجر بازار ارشاد سومرو نے بتایا کہ ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا اور ملزم پرانا گولیمار کا رہائشی تھا‘ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگیا‘ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

آج صبح ٹریفک حادثات میں نوجوان ہلاک،4 افراد زخمی
منظور کالونی پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار دو بچے زخمی ہو گئے، اسپتال منتقل
کراچی( کرائم رپورٹر) صبح سویرے قیوم آباد‘ منظور کالونی اور لانڈھی میں ٹریفک حادثے‘ ایک نوجوان ہلاک‘ 4 افراد زخمی‘ تفصیلات کے مطابق آج صبح قیوم آباد کے علاقے الحسن اپارٹمنٹ کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے24 سالہ سلمان ولد محمد رشید ہلاک اور 21 سالہ محمد اسلم ولد نور محمد زخمی ہوگیا‘ دونوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا‘ پولیس نے بتایا کہ متوفی اور زخمی کورنگی کے رہائشی ہیں اور پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے‘ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں باآسانی کامیاب ہوگیا‘ ادھر منظور کالونی پل کے اوپر نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2 بچے سلمان اور کامران زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا‘ ادھر لانڈھی فیوچر موڑ پر سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 25سالہ فرحان خان زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سپر ہائی وے پر کے الیکٹرک کا
ملازم کام کے دوران ہلاک
کراچی( کرائم رپورٹر)گڈاپ کے علاقے سپرہائی وے ناگوری کالونی میں کام کرنے کے دوران کے الیکٹرک کا ملازم25سالہ حنیف ولد غفور گر کر جاں بحق ہوگیا، متوفی گڈاپ کا رہائشی تھا۔

گلشن معمار میں ڈاکو اپنے
ہی ساتھی کو قتل کرکے فرار
کراچی(کرائم رپورٹر) سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں احسن آباد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قاسم علی نامی شخص ہلاک ہوگیا،تفتیش کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ ہلاک ہونے والا شخص اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا،جس کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

میمن گوٹھ میں فائرنگ
سے نامعلوم شخص قتل
کراچی(کرائم رپورٹر)میمن گوٹھ کے سومار گوٹھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔جائے وقوعہ سے9 ایم ایم کے2 خول قبضے میں لیکر تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ مقتول کی لاش کو ضابطے کی کاروائی کے لئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Tags: