رینجرز نے گمشدہ افراد کا اشتہار امن تباہ کرنے کی سازش قرار دیدیا ایس پی انوسٹی گیشن کی معطلی

October 8, 2015 12:55 pm0 commentsViews: 21

حساس اداروں کے اہلکاروں نے محکمہ اطلاعات کے دفتر پہنچ کر اشتہار سے متعلق ریکارڈ تحویل میں لے لیا‘ موجود افراد سے بھی تحقیقات کی گئی
پولیس اور رینجرزمیں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ثبوت ملیں گے تو کسی کو نہیں چھوڑینگے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی وزیر اعلیٰ سندھ کی میڈیا سے گفتگو
کراچی( کرائم رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) رینجرز نے گمشدہ افراد سے متعلق اشتہار کو کراچی امن تباہ کرنے کی سازش قرا ردے دیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن بھی معطل، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ اشتہار کے ذریعے پولیس اور رینجرز میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تحقیقات ہو رہی ہیں۔ ملوث افراد کو نہیں چھوڑیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گمشدہ افراد سے متعلق اخبارات میں اشتہار کو رینجرز نے کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش قرار دے دیا ہے۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل طاہر نے اس حوالے سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان اشتہاروں میں کوئی سچائی نہیں، انہوں نے اشتہارات کو کراچی کے شہریوں میں رینجرز کی کارکردگی کے بارے میں شکوک پیدا کرنے کی ایک مہم کا حصہ قرار دیا۔ اس کا بنیادی مقصد کراچی آپریشن پر اثر انداز ہونا تھا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شائع کئے گئے اشتہارات کے مندرجات قطعی طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں جس پر رینجرز نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب حساس اداروں کے اہلکار محکمہ اطلاعات کے دفتر پہنچ گئے جہاں انہوں نے اشتہارات سے متعلق ریکارڈ تحویل میں لے لیا جبکہ وہاں موجود افراد سے پوچھ گچھ بھی کی گئی کہ اشتہارات کس کی اجازت سے شائع ہوا۔ دریں اثناء رینجرز مخالف اشتہار دینے پر ایس پی غربی لطیف صدیقی کو آئی جی سندھ نے صوبائی وزیر داخلہ کی ہدایت پر معطل کر دیا ہے میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن ویسٹ نے رینجرز مخالف اشتہارا ت کی اشاعت کے لئے کورنگ لیٹر جاری کیا تھا جس پر انہیں معطل کیا ہے۔ لطیف صدیقی سانحہ بلدیہ ٹائون کی تحقیقات کیلئے فیکٹری مالکان کا بیان قلمبند کرنے کیلئے جے آئی ٹی کے ہمراہ دبئی میں ہیں۔ اس سے قبل اس معاملے پر گزشتہ روز ڈی ایس پی اورنگی ٹائون کو بھی معطل کیا تھا۔ دوسری جانب محکمہ اطلاعات سندھ نے ایس ایس پی سطح کے افسران پر اشتہارات کی اشاعت کیلئے ایڈیشنل آئی جی کی منظوری لازم قرار دے دی ہے۔ علاوہ ازیں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز میں غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس کے اشتہار کے معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہے۔ ثبوت ملیں گے تو کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

رینجرز کیخلاف اشتہارات دینے
پر ایس ایس پی لطیف مغل معطل
کراچی( کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ نے محکمہ داخلہ سندھ کے احکامات پر ایس پی انوسٹی گیشن لطیف صدیقی کو بھی معطل کردیا ہے ،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی اورنگی ٹائون فخرالسلام نے ایس پی انوسٹی گیشن کی ہدایات پر ہی اخبار میں نامعلوم رینجرز اہلکاروں کے خلاف اشتہار شائع کروائے تھے،واضح رہے کہ ایس پی انوسٹی گیشن لطیف صدیقی سانحہ بلدیہ کی تحقیقات کیلئے اس وقت دبئی میں موجود ہیں ۔

 

Tags: