آج صبح، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ممبر کمال ملک گھر سے گرفتار

October 8, 2015 1:00 pm0 commentsViews: 37

رینجرز نے صبح ساڑھے چار بجے نارتھ ناظم آباد میں گھر پر چھاپہ مارا اور گرفتار کرلے گئے،فاروق ستار، واسع جلیل
کمال ملک کی گرفتاری سے رینجرز اور پولیس کا لاعلمی کااظہار، تردید یا تصدیق نہیں ہوسکی
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) آج صبح سویرے ساڑھے 4بجے متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ممبر کمال ملک کو نارتھ ناظم آباد میں چھاپے کے دوران حراست میں لے لیا‘ تاہم رینجرز اور پولیس نے کمال ملک کی گرفتاری سے لا علمی ظاہر کی ہے‘ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور واسع جلیل نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات رینجرز نے نارتھ ناظم آباد مین متحدہ رابطہ کمیٹی کے ممبر کمال ملک کو گرفتار کیا ہے‘ انہوں نے کہا کہ کمال ملک کی جان خطرے میں ہے‘ ان کی گرفتاری ظاہر کی جائے‘ انہوں نے کہا کہ کمال ملک کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ رینجرز نے آج صبح سویرے ساڑھے چار بجے نارتھ ناظم آباد میں کمال ملک کو ان کے گھر پر چھاپے کے دوران حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا‘ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بتایا کہ کمال ملک جگر کے مرض میں مبتلا ہیں‘ ان کی گرفتاری سراسر زیادتی ہے ان کو فوراً رہا کیا جائے۔

کراچی آپریشن متحدہ کے خاتمے
کیلئے استعمال کیا جارہا ہے‘ فاروق ستار
کراچی( مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کے خاتمے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے‘ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن ایم کیو ایم کے مطالبے پر شروع کیا گیا‘ آپریشن کیلئے ہم نے پہلے بھی تعاون کیا اور اب بھی کررہے ہیں مگر اب کراچی آپریشن کو ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے اور اسے ختم کرنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو ایم کیو ایم کی آواز سننا ہوگی۔

Tags: