چھاپے میں اسمگل شدہ 435 ٹن سے زائد پلاسٹک دانہ برآمد

October 8, 2015 1:40 pm0 commentsViews: 42

بلدیہ میں کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی، ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیاجا ئے گا
اقدام بیرون ملک سے غیرقانونی طور پر لائی گئی اشیاء کے خلاف کارروائی کا حصہ ہے، ڈائریکٹر کسٹم
کراچی( کرائم رپورٹر) کسٹم انٹیلی جنس برائے اسمگلنگ نے ایک بڑی کارروائی کرنے کے دوران بلدیہ ٹائون کے علاقے میں ایک گودام سے بھاری مقدار میں پلاسٹک دانہ قبضے میں لے کر قومی خزانہ کو لاکھوں روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکسز سے محروم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس کو مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ بھاری مقدار میں اسمگل شدہ دانہ ڈیوٹی اور ٹیکسز کی ادائیگی کے بغیر غیر قانونی طریقے سے لاکر مختلف گوداموں میں ذخیرہ کیا گیا ہے۔ ان اطلاعات پر کسٹم انٹیلی جنس کی ایک رپورٹ نے سائٹ میں واقع بلدیہ ٹائون کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپے کے دوران گودام سے436 ٹن سے زائد پلاسٹک دانہ بر آمد ہوا، پوچھ گچھ کے دوران گودام کی انتظامیہ پلاسٹک دانہ کی قانونی در آمد کی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہی۔ اس پر کسٹم انٹیلی جنس کے حکام نے پلاسٹک دانے کو اپنے قبضے میں لے لیا 67 ٹن سے زائد پلاسٹک دانہ ایرانی ساختہ ہے۔ اس طرح کے پلاسٹک دانے کو در آمد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ اور یہ صرف اسمگل کیا جاتاہے۔67 ٹن دانے کو باقاعدہ ضبط کرکے ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔ اور ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ 369 ٹن سے زائد پلاسٹک دانہ دیگر ممالک بشمول تھائی لینڈ وغیرہ کا ہے لیکن اس کی قانونی در آمد کے کاغذات پیش نہیں کئے جا سکے۔ اس کو بھی قبضے میں لے کر گودام کی انتظامیہ کو اس کے مالکان اور قانونی در آمدگی دستاویزات پیش کرنے کے لئے نوٹس دے دیا گیا ہے۔ رابطہ کرنے پر ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس محمد آصف مرغوب صدیقی نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کے تحت غیر قانونی طور پر بیرون ملک سے لائی گئی اشیاء کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

Tags: