مزید 6 پروازیں منسوخ پی آئی اے کے پائلٹوں نے ہڑتال کل تک مؤخر کردی

October 8, 2015 1:37 pm0 commentsViews: 22

پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ تنازعات حل کرکے جمعہ کو رپورٹ پیش کریں‘ قائمہ کمیٹی برائے سینیٹ‘ نجی ایئر لائنز کی لوٹ مار پر اظہار برہمی
پائلٹس ماہانہ لاکھوں روپے کماتے ہیں اور پی آئی اے ان کی کمائی کا ذریعہ ہے‘ مسائل حل نہ ہوئے تو قائمہ کمیٹی سے رجوع کرینگے‘ صدر پالپا
کراچی، اسلام آباد،لاہور( اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں) پالپا کی ہڑتال کے باعث پی آئی اے کی مزید6 پروازیں منسوخ ہوگئیں جبکہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹری کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے کی ضمانت پر پی آئی اے کے پائلٹوں نے ہڑتال کل تک موخر کر دی۔ پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ اپنا احتجاج جمعے کی دوپہر2 بجے تک موخر کرتے ہیں سیکریٹری ایوی ایشن ہم سے مذاکرات کریں گے اور اس کی رپورٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کریں گے۔ قبل ازیں اسلام آباد میں قائمہ کمیٹی نے پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کو مذاکرات کے ذریعے تنازعات 2 روز میں حل کرکے جمعے کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری سول ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گرویزی کو مذاکرات کا نگران مقرر کر دیا جبکہ کمیٹی نے نجی ایئر لائنز کی لوٹ مار پر خاموشی اور بحران حل کرنے میں تاخیر پر پا اظہار برہمی کرتے ہوئے پی آئی اے کے 747 اور737 طیاروں کو گرائونڈ کرنے کے حوالے سے انتظامیہ سے رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی ہے۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئر مین طلحہ محمود کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے وزیر اعظم کے مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ اور پالپا کے درمیان جاری تنازع نے پوری قوم کا تماشاہ بنا دیا۔ سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمد علی گرویزی نے کہا کہ پائلٹس لاکھوں روپے ماہانہ کماتے ہیں اور پی آئی اے ان کی کمائی کا ذریعہ ہے انہیں اپنے اور ملکی مفاد میں فیصلہ کرتے ہوئے ہڑتال ختم کر دینی چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پالپا کے صدر عامر ہاشمی نے کہا کہ تمام معاملات حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ مسائل حل نہ ہوئے تو پھر قائمہ کمیٹی سے رجوع کریں گے۔ آنے اور جانیوالی قومی ایئر لائنز کی6 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

Tags: