مفادپرستوں، لوٹوں اور موقع پرستوں کو شکست دینگے، بلاول

October 8, 2015 1:42 pm0 commentsViews: 24

بلدیاتی انتخابات میں سازشی اور غیرجمہوری قوتوں کے آلہ کار کیخلاف اتحاد بنا رہے ہیں
دادو اور جامشورو 100فیصد پارٹی کے ناقابل شکست اضلاع ہیں، بلاول ہائوس میں خطاب
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مفاد پرستوں، لوٹوں اور موقع پرستوں کے نام نہاد اتحاد کو بلدیاتی الیکشن میں بری طرح شکست ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلاول ہائوس میں پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ دادو اور جام شورو کے پارٹی کے منتخب اراکین، ضلعی عہدیداروں اور مقامی رہنمائوں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزراء سید مراد علی شاہ اور سید ناصر حسین شاہ اور جمیل سومرو نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میں دادو اور جامشورو اضلاع میں 100 فیصد رزلٹ چاہتا ہوں کیونکہ یہ دونوں اضلاع ہمیشہ پارٹی کے نا قابل شکست اضلاع رہے ہیں۔ ضیاء کی کالی آمریت میں بھی ان اضلاع کے جیالوں نے سخت مزاحمت کی اور جمہوریت کے مقصد اور عوام کے حقوق کی سر بلندی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اجلاس میںشریک پارٹی رہنمائوں نے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کی کہ وہ اضلاع کا دورہ کریں اور وہاں عوام اور کارکنان سے خطاب بھی کریں کیونکہ وہ شہید بے نظیر بھٹو کے بیٹے کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے مسترد کردہ دھوکہ باز روایتی سازشی اور غیر جمہوری قوتوں کے آلہ کار ٹولے پر مشتمل لوگ نام نہاد اتحاد بنا کر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا مقابلہ کر رہے ہیں بار بار جیالوں کے ہاتھوں شکست کھانے والے تھکے ہوئے اور مردہ گھوڑے دوڑ میں پیچھے دھکیلے ہوئے ہیں۔ ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

Tags: