روہڑی اسٹیشن کے قریب عوام ایکسپریس حادثے سے بچ گئی

October 8, 2015 1:44 pm0 commentsViews: 27

کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین ریلوے پھاٹک پر پھنسی ہوئی ٹریکٹر ٹرالر کو کھینچتے ہوئے دور تک لے گئی
حادثہ کا ذمہ دار ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور موقع سے فرار، مسافر معمولی زخمی ہوئے، انجن تبدیل کرکے ٹرین روانہ کردی گئی
روہڑی( مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس بیگما جی اور روہڑی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ریلوے پھاٹک عبور کرنے والی ٹریکٹر ٹرالی ریلوے لائنوں میں پھنس گئی اور اس دوران ٹرین ٹرالی کو کھینچتے ہوئے دور تک لے گئی، ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیور ٹرین کو قریب آتے دیکھ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ حادثے کے باعث ٹرین میں موجود چند مسافر معمولی زخمی ہوگئے تاہم دھماکہ اتنا شدید تھا کہ ٹرین کے مسافروں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا، بتایا جاتا ہے کہ بدھ کو کراچی سے پشاور جانے والی عوام ایکسپریس اپنے سفر پر رواں دواں تھی، اس دوران ٹرین ڈرائیور نے ریلوے لائنوں پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی کو دیکھ کر ہنگامی بریک لگانے کی کوشش کی تاہم ٹرین ٹریکٹر ٹرالی کو کھینچتے ہوئے کافی دور تک لئے گئی۔ بعد ازاں ڈرائیور ٹرین کو روکنے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کی وجہ سے ٹرین میں موجود مسافروں نے چیخ و پکار شروع کردی اور وہ ٹرین سے باہر آگئے جبکہ علاقے کے لوگ بھی وہاں پہنچ گئے اور ٹریکٹر ٹرالی کو ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد متاثرہ ٹریک سے اٹھانے میں کامیاب ہوگئے۔

Tags: