وزیر اعظم IMF سے بھکاریوں کی طرح قرضے مانگتے ہیں‘ عمران خان

October 8, 2015 1:45 pm0 commentsViews: 15

ملک میں انصاف نہیں ہے‘ ظلم کا نظام چل رہا ہے‘ نواز شریف کرپٹ ترین آدمی ہیں جس نے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے
پی ٹی آئی میں اقتدار نہیں تبدیلی کیلئے آیا ہوں‘ عوام کو ایم این اے اور ایم پی اے کی غلامی نہیں کرنے دینگے‘شاہ محمود قریشی کا اوکاڑہ میں خطاب
اوکاڑہ ( خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے کرپٹ ترین آدمی ہیں ان سے تو آصف زرداری بہتر تھے۔ اوکاڑہ کے حلقہ این اے144 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے پاکستانی قوم کونئی سوچ دی۔ عمران خان نے کہا کہ قوم پیسے اور تگڑی فوج سے نہیں بلکہ انصاف ملنے سے اوپر جاتی ہے۔ کفر کانظام چل سکتا ہے لیکن ظلم اور نا انصافی کا نہیں چل سکتا، ملک میں انصاف نہیں ہے ظلم کا نظام چل رہا ہے۔ ہمارا وزیر اعظم آئی ایم ایف سے بھکاریوں کی طرح قرضے مانگتا ہے۔ حکمرانوں نے بھیک مانگ مانگ کر ہر پاکستانی کو مقروض کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب حافظ آباد کا جلسہ دیکھ کر ڈر گئے اور خوف میں آکر کسان پیکج دے دیا۔ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے کرپٹ ترین آدمی ہیں کیونکہ آپ نے منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے۔ میاں صاحب آپ سے تو آصف زرداری بہتر ہے۔ جس نے480 ارب کا سر کلر ڈیٹ چھوڑا اور آپ نے615 ارب کر دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نندی پور منصوبے میں ڈاکہ مارا گیا اور پراجیکٹ کو 22 ارب روپے کی بجائے 84 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا۔ جو 5 دن بعد بند ہوگیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقتدار کیلئے نہیں تبدیلی کیلئے پی ٹی آئی میں آیا ہوں۔ اب ہم نے عوام کو ایم این اے اور ایم پی اے کی غلامی نہیں کرنے دیں گے بلکہ ان کو اقتدار کے ایوانوں کی راہ دکھائی جائے گی۔

Tags: