بینظیر کے قتل سے عوام اور جمہوریت کو نقصان ہوا، نثار کھوڑو

October 8, 2015 1:51 pm0 commentsViews: 23

پیرپگارا نے کسی آمرکی ہی حمایت کرنی ہے، رینجرز کیخلاف اشتہارات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی
شفاف سندھ احتساب کمیشن قائم کیاجائے گا، جو میاں صاحب کے کمیشن کی طرح کام نہیں کرے گا، وزیراطلاعات کی میڈیا سے گفتگو
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ رینجرز کے خلاف اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہار کی تحقیقات کیلئے ایڈیشنل آئی جی ثناء اللہ عباسی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ جو اس معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ حکومت کو پیش کرے گی۔ بڑے پیر پگارا حاضر سروس جنرل کی حمایت کرتے تھے جبکہ موجودہ پیر پگارا نے ریٹائرڈ جنرل کی حمایت کی ہے شفاف احتساب کیلئے سندھ احتساب کمیشن قائم کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ رینجرز کے خلاف اشتہارات سے متعلق سوال پر نثار کھوڑو نے کہا کہ ایس ایس پی نے کورنگ لیٹر کے ساتھ اشتہار بھیجا تھا مواد کی ذمہ داری متعلقہ محکمہ پر ہی ہوتی ہے اس کے متن میں ترمیم کا اختیار محکمہ اطلاعات کو نہیں ہوتا اس کا کام تو پوسٹ مین جیسا ہوتا ہے ایک سوال پر پیر پگارا نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے سب سے زیادہ نقصان پرویز مشرف کو ہوا اس کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ پیر پگارا نے کسی آمر کی ہی حمایت کرنی ہے اس لئے انہوں نے بینظیر کے قتل سے سب سے زیادہ نقصان پرویز مشرف کو نہیں عوام اور جمہوریت کو ہوا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ شفاف احتساب کیلئے سندھ احتساب کمیشن قائم کیا جا رہا ہے یہ کمیشن میاں صاحب کے کمیشن کی طرح کام نہیں کرے گا سب کا احتساب ہوگا لیکن میاں شہباز شریف کا احتساب نہیں ہوگا۔ ہم سندھ احتساب کمیشن کو ایسا ادارہ بنانا چاہتے ہیں جس پر جانبداری کی چھاپ نہ ہو اور جو بلا امتیاز سب کا احتساب کرے، احتساب کمیشن کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ جسے جلد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، ایک اور سوال پر وزیر اطلاعات و تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ چیئر مین انٹر بورڈ کی تقرری کو ابھی چار ماہ ہی ہوئے ہیں ان کے رویہ کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے اور کنٹرولر بورڈ بھی تحفظات رکھتے ہیں، سکریٹری بورڈ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جو بھی ذمہ دار قرار پائے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Tags: