کلفٹن سے لیاری گینگ وار کے 4 کارندے گرفتار دو کارندوں نے تیسری منزل سے چھلانگ لگادی دیگر جرائم و الزامات میں مزید گرفتاریاں

October 8, 2015 2:17 pm0 commentsViews: 22

رینجرز نے رہائشی اپارٹمنٹ میں چھاپہ مار ا تو دو ملزمان تیسری منزل سے کود کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے جنہیں پکڑ لیا گیا
ملزم راجہ پٹھان گروپ کے کارندے اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں بھتہ خوری اور قتل کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کرلیا
کراچی(کرائم رپورٹر)رینجرز سندھ کی ٹاسک فورس کے انٹیلی جنس شعبہ نے کلفٹن میں ٹارگٹڈآپریشن کے دوران بھتہ خوری میں ملوث لیاری گینگ وار راجہ پٹھان گروپ کے چار کارندوں کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔باخبر ذرائع نے بتایاکہ رینجرزٹاسک فورس کے شعبہ انٹیلی جنس کے عملے نے کلفٹن کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں چھاپہ مار کارروائی کی اس دوران گرفتاری سے بچنے کیلئے دو کارندوں حسین عرف شوٹراور ادریس نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ناکام ہوگئے ،نیچے کھڑے عملے نے انہیں پکڑ لیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین عرف شوٹر نے بتایا کہ گینگ کا سرغنہ عباس ہے ، جبکہ بھتہ کی رقوم اویس جمع کرتا ہے ، رینجرز نے ملزمان کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عباس اور اویس کو بھی حراست میںلے لیا ،چاروں کارندوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی ،ذرائع نے بتایا کہ حراست میں لئے جانے والے چاروں کارندے لیاری گینگ وار راجہ پٹھان گروپ کے کارندے ہیں ،ذرائع کے مطابق ملزمان نے بھتے اور قتل کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ،بعدازاں رینجرزٹاسک فورس کے افسر نجیب دانا والا سے رابطہ کیا تو انھوں نے بتایاکہ کلفٹن میں ایک کارروائی تو کی گئی ہے لیکن اسکے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں ہے ،انھوں نے بتایا کہ ادریس گیگی اس کارروائی کے بارے میں بتاسکتے ہے ،تاہم ادریس گیگی سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تاہم رابطہ نہیں ہوسکا ۔

پولیس کے شہر بھر میں چھاپے128ملزمان گرفتار
چوبیس گھنٹوں میں 100سے زائد چھاپہ مارکارروائیوں میں آٹھ دہشت گرد بھی پکڑے گئے
کراچی(کرائم رپورٹر)پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران128ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرنے کادعویٰ کیا ،کراچی پولیس کے ترجمان کی جانب سے جا ری ہونے والے اعلامیئے کے مطابق کراچی کے تینوں زون کی پولیس اور سی آئی اے نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں100چھاپہ مار کارروائیوں اور5مقابلوں کے بعد128ملز مان کوگرفتارکر لیا گرفتارملزمان میں8دہشتگرد، غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں18ملزمان ،امتنائے منشیات ایکٹ کے تحت11ملزمان،4مفرور اشتہاری جبکہ دیگرجرائم میں ملوث87ملزمان شامل ہیں، جن کے قبضے سے25پستول ہی17دستی بم اور بھاری مقدارمیں منشیات برآمدہوئی ہے ،گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایس ایچ او پریڈی کے قتل کے الزام میں وسیم کمانڈوعرف چھوٹو گرفتار
ملزم کا تعلق متحدہ کے محمودآبادسیکٹر سے ہے، ٹارگٹ کلر سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ
محمودآباد کے ایک مکان پر چھاپے کے دوران پکڑا گیا، ایس ایچ او اعجاز علی خواجہ سمیت دیگر پولیس اہلکار کے قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے
کراچی(کرائم رپورٹر)قانون نافذکرنے والے ادارے اور پولیس نے شہید ہونے والے ایس ایچ او پریڈی اعجاز علی خواجہ کے قتل میں سیاسی تنظیم سے تعلق رکھنے والے مبینہ ٹارگٹ کلر کو حراست میں لیکر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ۔اسپشلائز انویسٹی گیشن پولیس کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے پر بتایاکہ قانون نافذکرنے والے ادارے نے خفیہ اطلاع پر محمود آباد کے ایک مکان پر چھاپہ مارکر مبینہ ملزم وسیم کمانڈو عرف چھوٹو کو حراست میں لیکر ہمارے سیل میں منتقل کیا ہے جہاں پولیس کے علاوہ مزید تحقیقاتی ادارے وسیم کمانڈو عرف چھوٹو سے تفتیش کررہے ہیں ،ذرائع نے بتایاکہ ملزم کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ محمود آباد سیکٹر سے ہے ،جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ 16 اپریل 2015 کوڈیفنس Extفیز 2 نزد کاٹیکسپیڑول پمپ کے قریب صبح گیارہ بجے کے قریب کار نمبر DAU017پر اندھادھند فائرنگ کرکے پریڈی تھانے کے ایس ایچ او45 سالہ اعجاز علی خواجہ ولد ذوالفقارعلی خواجہ کو شہید کردیا تھا ،ملزم نے بتایا کہ اعجاز علی خواجہ کی ریکی کے بعد نشانہ بنایا ،پولیس کا کہنا ہے کہ وسیم کمانڈو نے مزید انکشافات کئے جو قبل ازوقت منظر عام پر لانے سے تفتیش متاثر ہوسکتی ہے ،ذرائع نے بتایاکہ وسیم کمانڈو نے کہا اعجاز خواجہ کے قتل کا منصوبہ کسی اور کا تھا مجھے اور میرے ساتھیوں کو قتل کا ٹاسک ملاتھا ،ذریعے کہنا ہے کہ مبینہ ٹارگٹ کلر وسیم کمانڈو عرف چھوٹو کے کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول بھی ملا ہے جس سے ایس ایچ او پریڈی اعجاز علی خواجہ پر فائرنگ کی گئی تھی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے جانے والے مبینہ ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہر کے مختلف علاقوں میں مزید پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے ،ذرائع نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وسیم کرائے کاقاتل بھی ہے ،تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔

ٹارگٹڈ آپریشن کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت 19 ملزمان گرفتار‘ اسلحہ برآمد
پولیس نے منگھوپیر میں چھاپہ مار کر بھتہ خور گروہ کے 2 کارندوں کو پکڑ کر مسروقہ موٹر سائیکل اور سم کارڈز برآمد کرلئے
سر سید ٹائون پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا‘ملیر کینٹ پولیس نے تین ملزمان کوپکڑ کر منشیات برآمد کرلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز اورپولیس نے شہر کے مختلف علاقوںمیں چھاپہ مار کارروائی ،ٹارگٹڈ آپریشن اور مقابلے کے دوران دو زخمی سمیت 19 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمدکرلیا،گرفتار ملزمان میں بھتہ خور،سیاسی اور کالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہے ۔جبکہ گرفتارملزمان کی نشاندھی پر لیاری سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز انٹیلی جنس نے فیڈرل بی ایریامکا چورنگی ،ملیر جعفر طیار سوسائٹی اورڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی اور کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 4مشتبہ افرادکوحراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ،تاہم رینجرز نے مذکورہ کارروائی کے حوالے سے لا علمیظاہر کردی۔ اسپیشلائز انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پرمنگھوپیر میں چھاپہ مار کربھتہ خورگروہ کے دوکارندوں رجب علی کیریو اورکامران علی شاہ کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل، سم کارڈز اور پستول برآمد کرلیا ہے‘ سرسیدٹائون پولیس نے ملزم وقاص کو گرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کرلیا۔جبکہ دوسری کارروائی کے دوران سادہ لباس میں اسلحہ لے کر گھومنے والے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ گلزارکوگرفتارکرلیا۔ملیر کینٹ پولیس نے تین ملزمان اشعرمسیح اورعدنان صلاح الدین کوگرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمدکرلی۔زمان ٹائون پولیس نے کاریں اورموٹر سائیکلیں چھیننے والے گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزم سائیں داد پالاری کو گرفتار کر کے ایک ٹی ٹی پستول برآمدکرلی۔سہراب گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان عمر دین اور عبدالوہاب کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار کرلیا،۔ناظم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے ملزم منظور الہی کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول برآمد کرلی ۔بغدادی انویسٹی گیشن پولیس نے گرفتار ملزم سلمان کچھی کی نشاندھی پرجکوئی محلہ والی گلی میں ایک مقام پر چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں اسلحہ اور دستی بم برآمدکرلیا ،پولیس مذکورہ کارروائی سے لا علمی ظاہر کررہی ہے ۔ محمود آبادپولیس نے اعظم بستی میں لوٹ مار کرنے والے ملزم محمد عثمان نذیرکو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا ،پولیس کے مطابق ملزم کا باپ محمد نذیر محکمہ پولیس میں اے ایس آئی ہے،جبکہ ملزم ایک بھائی چندماہ قبل پولیس مقابلے میں مارا جاچکاہے اور دوسرا بھائی ڈکیتی کے واردات میں گرفتار ہوا تھا جو جیل میں مر گیا تھا۔

 

Tags: