کورنگی میں مسلح افراد نے 10 دکانیں لوٹ لیں واٹر پمپ پر تاجر سے 2 لاکھ چھین کر ملزمان فرار

October 8, 2015 2:10 pm0 commentsViews: 31

ناصر کالونی پولیس چوکی کے قریب دکانوں میں لوٹ مار کرنے کے بعد فرار ڈاکو گروہ کو پکڑنے کی کوشش‘ فائرنگ سے ٹیلر ماسٹر زخمی
امراض قلب اسپتال کے نزد یک ملزمان نے شہری سے 35 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا‘ یوسف پلازہ کے علاقے میں جرائم کی وارداتیں بڑھ گئیں
کراچی(کرائم رپورٹر)کورنگی ناصر کالونی اور فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم مسلح ملزما ن نے دن دیہاڑے درجن سے زائد دکانداروں کو لوٹ لیا ،مزاحمت کرنے پر ایک دکاندار زخمی ہوا ،کورنگی میں لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف مشتعل دکانداروں نے مارکیٹ بندکرکے پولیس کے خلاف احتجاج کیا ۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے کورنگی سیکٹر 32-B، ناصر کالونی پولیس چوکی کے قریب مارکیٹ میں چارسے زائد مسلح ملزمان نے بخاری کریانہ اسٹور، بسم اللہ جنرل اسٹور، تاج بیکری، عابد چاول اسٹوراور بسم اللہ ملک شاپ سمیت 10سے زائد دکانوںمیں گھس کر نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا اور فرار ہونے لگے اس دوران مشتعل دکانداروںنے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ،فائرنگ کی زد میں آکر ٹیلر ماسٹرمحمد انور علی زخمی ہوگیا جس کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا،واردات کے بعد دکانداروں نے لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا،، پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کے بجائے مشتعل افراد کر لاٹھی چارج کرتے ہوئے منتشر کر دیا جبکہ احتجاج کرنے والے چند افراد کو حراست میں لے لیا جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔ یوسف پلازہ علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک نمبر16میں قائم واٹر پمپ مارکیٹ میں نامعلوم ملزمان نے ارشد احمد نامی تاجرسے دو لاکھ روپے چھین لئے جبکہ دوسری کارروائی میں ملزمان نے امراض قلب اسپتال کے باہر جواد خان نامی شخص سے 35ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ،واضح رہے کہ یوسف پلازہ میں یومیہ درجن سے زائد لوٹ کی وارداتیں عام ہے ،پولیس واقعہ کا مقدمہ درج کرنے سے گریزکرتی ہے ،متاثرہ افراد سے درخواست لیکر کارروائی کرنے کا دعویٰ کرتی ہے ۔

Tags: