عدلیہ کرپٹ افسران کو اسٹے آرڈر دیکر چھتری فراہم نہ کرے وزیر بلدیات

October 8, 2015 2:15 pm0 commentsViews: 18

بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیوں پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے‘ ناصر حسین شاہ
پیر پگارا بتائیں کہ ان کے کتنے امیدوار بلدیاتی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں کہ وہ پی پی پر الزام تراشیاں کررہے ہیں
کراچی( اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اب کرپشن پر کسی قسم کی مصلحت پسندی نہیں ہوگی‘ معزز عدلیہ سے استدعا ہے کہ جن کرپٹ افسران کیخلاف ہم کارروائی کررہے ہیں انہیں وہ اسٹے آرڈر دے کر چھتری فراہم نہ کرے‘ اب جو افسر یا ملازم کرپشن میں ملوث ہوا اس کو ادارے میں کوئی جگہ نہیں ملے گی‘ بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیوں پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر جلد پیپلز پارٹی سپریم کورٹ سے رجوع کریگی اور استدعا کریگی کہ ماتحت عدالت کے فیصلے سے انتخابات میں تاخیر ہوسکتی ہے‘ اس لئے اس فیصلے کو منسوخ کیا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات مقررہ تاریخ پر ہوسکیں‘ پیر پگارا قابل احترام ہیں لیکن وہ بتائیں کہ ان کے کتنے امید وار بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں‘ کہ وہ پیپلز پارٹی پر الزام تراشیاں کررہے ہیں‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں زیر تعمیر جام صادق پل کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ وزیر بلدیات نے کہا کہ گھوسٹ اور کرپٹ افسران و اہلکاروں کیخلاف ہماری کارروائیوں جاری رہیں گی۔

Tags: