متحدہ سمیت کئی سیاسی جماعتیں میدان میں آگئیں

October 8, 2015 2:15 pm0 commentsViews: 18

ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار‘ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم‘ پیپلز پارٹی کے نجمی عالم اور تحریک انصاف کے علی زیدی نے کاغذات جمع کرادیئے
آج سے بلدیاتی انتخابات کیلئے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع ہوگی‘ یہ مرحلہ 13 اکتوبر تک جاری رہے گا
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کیلئے متحدہ سمیت کئی سیاسی جماعتیں میدان میں آگئیں الیکشن کے پہلے مرحلے کے آخری دن1439 بلدیاتی نشستوں کیلئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کر ا دئیے۔ سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے جبکہ آزاد امیدواروں کی بھی بڑی تعداد نے اپنے فارم جمع کرائے ہیں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن، پیپلز پارٹی کے نجمی عالم، تحریک انصاف کے علی زیدی سمیت دیگر اہم رہنمائوں نے چیئر مین وائس چیئر مین کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، آج جمعرات سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہوگا جو 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے ضلع شرقی میں یونین پی آئی بی کالونی سے چیئر مین کے عہدے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جب کہ اسی یونین کمیٹی کے وائس چیئر مین کیلئے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و سابق رکن سندھ اسمبلی زرین مجید نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ضلع شرقی سے ایم کیو ایم کے وسیم اختر، شیخ صلاح الدین، اقبال محمد علی خان، مزمل قریشی، محمود عبدالرزاق، ضلع وسطی سے رئوف صدیقی، سید امین الحق، ریحان ہاشمی، ڈاکٹر ارشد وہرہ، کورنگی سے عارف خان ایڈووکیٹ، شبیر قائم خانی اور سید ساجد احمد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے ضلع وسطی کی یوسی 18 الفلاح نارتھ ناظم آباد سے چیئر مین اور نائب امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز نے ضلع وسطی کی یو سی 30 یاسین آباد سے چیئر مین کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

Tags: