بجلی اور پانی کی بندش کیخلاف مشتعل شہریوں کا احتجاج شاہراہیں بلاک بدترین ٹریفک جام

October 9, 2015 3:58 pm0 commentsViews: 24

لائنز ایریا کے علاقہ مکینوں کا صدر پارکنگ ایریا کے قریب احتجاجی مظاہرہ‘ خواتین اور بچوں کے حکومت کیخلاف نعرے
تین ہٹی پر پی آئی بی اور دیگر علاقوں کے مکینوں نے احتجاجاً لیاقت آباد سے گرومندر تک سڑک بند کردی‘ ٹائر جلائے‘ بدترین ٹریفک جام سے شہریوں کو مشکلات
کراچی( کرائم رپورٹر) لائنز ایریا اور صدر کے مشتعل افراد نے بجلی اور پانی کی بندش پر صدر پارکنگ پلازہ کے قریب روڈ پر ٹائر نذر آتش اور رکاوٹیں کھڑی کرکے احتجاج شروع کر دیا۔ احتجاج میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے ان کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور3 روزسے پانی سے محروم ہیں۔ اس گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اور دوسری جانب واٹر بورڈ کے عملے کی جانب سے پانی بند کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس دوران صدر، نیو ایم اے جناح روڈ اور اطراف کی لنک سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا،۔ مشتعل افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان محکموں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ اس اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو بات چیت سے منتشر کر دیا اور ٹریفک دوبارہ بحال کرا دی،۔ تین ہٹی پر پی آئی بی اور اطراف کی آبادیوں کے علاقہ مکین بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مشتعل ہو کر روڈ پر نکل آئے اور لیاقت آباد سے گرو مندر جانے والے روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جس کے باعث مذکورہ روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی جس کے باعث ہم لوگ ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی کے ٹینکر خرید نے پر مجبور ہیں پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرکے روڈ کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا۔

Tags: