کراچی میں مخدوش 305 عمارتوں کو خالی کرانے کا فیصلہ قانونی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی

October 9, 2015 3:58 pm0 commentsViews: 47

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی مکینوں کو مخدوش عمارتوں کے خطرات سے آگاہ کرنے کیلئے آگاہی مہم شروع کرے گی
بجلی و پانی سمیت یوٹیلیٹی اداروں سے مخدوش عمارتوں کے کنکشن منقطع کرنے کی درخواست کی جائے گی‘ کمشنر کراچی کی زیر صدارت اجلاس
کراچی( اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی شعیب احمد کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں305 مخدوش عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اس ضمن میں تمام ضروری اور قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرے گی۔ کمشنر کراچی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے کہا کہ وہ ہیری ٹیج ڈپارٹمنٹ اور انجینئرنگ و آرکٹیکٹس کونسل کی مشاورت سے اقدامات کرے۔ اس بات کو یقینی بنائے کہ مکینوں کو مخدوش عمارتوں کے خطرات سے آگاہی ہو۔ اس سلسلے میں فوری طور پر آگاہی مہم شروع کی جائے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی انسانی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس سلسلے میں ترجیحی اقدامات کرے گی۔ بجلی پانی اور گیس سمیت یوٹیلیٹی اداروں کے تعاون سے حاصل کرے گی اور عمارتوں کو خالی کرانے سے قبل یوٹیلیٹی اداروں کوتحریری طور پر سہولتوں کو منقطع کرنے کے نوٹس جاری کرنے کی درخواست کرے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عمارتوں کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

Tags: