KDAآفیسرز کلب میں زیادہ سہولیات فراہم کرینگے، سلطان احمد

October 9, 2015 4:00 pm0 commentsViews: 19

تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں، ممبران کے تعاون سے بہت سی مثبت تبدیلیاں کی گئی ہیں، عید ملن سے خطاب
کراچی( پ ر)کے ڈی اے آفیسر ز کلب کے سیکرٹری سید سلطان احمد نے کہا ہے کہ افسران کو سہولیات اور تفریح کی فراہمی کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں اور کلب ممبران کے تعاون سے کلب میں بہت سی مثبت تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے آفیسرز کلب کے ممبران کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عید ملن تقریب میں کلب ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے کے ڈی اے آفیسر کلب کے سیکرٹری سید سلطان احمد اور ان کی کابینہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور بتایا کہ گزشتہ سات سالوں سے موجودہ انتظامیہ نے ممبران کیلئے کھیل اور تفریح کے بہترین مواقع فراہم کئے، کافی ہائوس کی تزئین و آرائش اور کے ڈی اے کے سابق ڈی جی اور کلب کے سرپرست اعلیٰ زیڈ اے نظامی کے نام سے ایک بڑا ہال موسوم کیااور سات کامیاب اسپورٹس فیسٹیول کا انعقادکیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے آفیسرز کلب میں ممبران اور انکی فیملیز کو کھانے پینے کی سہولیات، سوئمنگ اور انڈور گیمز کے علاوہ مذہبی اور قومی تہواروں کے موقع پر منعقد کیئے جانے والے پروگرامز میں باقاعدگی سے مدعو کیا جاتا ہے۔اس موقع پر کلب کے سیکریٹری نے اعلان کیا کہ انشأاللہ کے ڈی اے آفیسرزکلب کے انتخابات جلد منعقد کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں AGM کا انعقاد 10 اکتوبر 2015 بروز ہفتہ شام 5 بجے کلب کے سبزازار میں ہو گا، جس میں ایک بااختیار الیکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو کہ اپنی زیرِ نگرانی کلب کے الیکشن کا انعقاد کرے گی ،اس کے علاوہ انہوں نے AGM کے طریقہ کار کو بھی واضح کیا ۔انہوں نے اپنی کابینہ پر اعتماد کا اظہار کرنے پر ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ کلب کے سیکریٹری نے ممبران کو زور دے کر کہا کہ جن ممبران نے اب تک اپنے کلب کارڈ نہیں بنوائے وہ جلد از جلد وہ اپنے کلب کارڈ بنوالنے کے لئے فوری طور پر کلب منیجر سے رابطہ کریں اور آئندہ کلب کے کسی بھی پروگرام میں بغیر کارڈ کے انٹری نہیں ہو گی۔آخر میں کلب کے سیکریٹری نے ممبران کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد دی۔