محرم الحرام تقاریر کی مانیٹرنگ وال چاکنگ پر مکمل پابندی ہوگی

October 9, 2015 4:07 pm0 commentsViews: 21

ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرایا جائے گا‘کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے‘ وزیر داخلہ سندھ
حساس مقامات‘ مجالس اور جلوس کی گزر گاہوں کے اطراف کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے‘ مختلف تنظیموںکے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت
کراچی( اسٹاف رپورٹر) محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے سلسلے میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شیعہ علماء کرام اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور معززین نے شرکت کی، اجلاس میں ہوم سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کر دہ ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد کیا جائے گا، اشتعال انگیز بیانات تقاریر، وال چاکنگ پر سخت پابندی ہوگی۔ لائوڈ اسپیکر کا استعمال احتیاط اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کیا جائے گا جبکہ بیانات کی ریکارڈنگ اور مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے حساس مقامات، مجالس اور جلوس کی گزر گاہ کے اطراف کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ فضائی نگرانی اور بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز تعینات کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ شیڈول فور کے تحت لسٹ میں رکھے گئے عناصر پر کڑی نگاہ رکھے۔

Tags: