عمران خان یہودیوں اور ہندوئوں سے رقم لیتے رہے ہیں‘ پرویز رشید

October 9, 2015 4:10 pm0 commentsViews: 26

رقم پاکستان میں دھرنوں‘ چینی صدر کا دورہ منسوخ کرانے اور منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کیلئے استعمال کی گئی
تحریک انصاف کے بنیادی رکن اکبر ایس بابر نے جرم کو بے نقاب کیا‘ عمران خان چور اور غدار ہے‘پریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد( نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چور غدار اور پاکستان کے دشمنوں کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان غیر ملکی یہودیوں، ہندوئوں اور سکھوں سے رقوم وصول کرتے رہے اور یہ رقم پاکستان میں دھرنے، احتجاج، چینی صدر کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرانے، منتخب حکومت کا یلغار کے ذریعے تختہ الٹنے، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہائوس میں حملے کیلئے استعمال کرتے رہے اگر عمران خان دشمنوں کے آلہ کار نہیں تو مجھے عدالت میں لے کر جائیں امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر غیر ملکیوں سے وصول کئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات موجود ہیں عمران خان کے اس جرم کو تحریک انصاف کے بانی اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست میں بے نقاب کیا الیکشن کمیشن کی طرف سے اس درخواست کا فیصلہ آنے پر حکومت اگلا قدم اٹھائے گی۔ جمعرات کی شام مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور رائو تحسین علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ الیکشن کمیشن اور عمران خان میں کیا گٹھ جوڑ ہے اور انہیں غیر ملکی فنڈز وصول کرنے کے باوجود 2013ء کے الیکشن میں کیسے انتخابی نشان الاٹ ہوا۔ پرویز رشید نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت کسی بھی غیر ملکی ادارے، حکومت یا سیاسی جماعت سے چندہ لے کر پاکستان میں سیاست کرنے کی ممانعت ہے۔ تقریباً13 ماہ پہلے تحریک انصاف کے ایک بنیادی رہنما ایس اکبر بابر نے الیکشن کمیشن میں ایک درخواست دی کہ تحریک انصاف نے امریکہ میں چندہ جمع کیا اور اس چندے کی تمام تفصیلات امریکی حکومت کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ الیکشن کمیشن ان کے جرائم پر کیوں پردہ ڈال رہا ہے وہ الیکشن کمیشن جو صرف ایک دن میں عمران خان کے کہنے پر کسان پیکج کو روک دیتا ہے وہ عمران خان کے بیرون ملک سے کروڑوں ڈالر جمع کرنے کے باوجود کیسے الیکشن لڑنے کی اجازت دیتا ہے۔ جبکہ درخواست 13 ماہ پہلے تحریک انصاف کے بانی رکن نے دی ہے۔

Tags: